آپریشن ردالفساد کااعلان عوامی خواہشات کی ترجمانی ہے: علامہ ناصر عباس جعفری

IQNA

آپریشن ردالفساد کااعلان عوامی خواہشات کی ترجمانی ہے: علامہ ناصر عباس جعفری

13:59 - February 24, 2017
خبر کا کوڈ: 3502559
بین الاقوامی گروپ: ماضی میں اچھے بُرے طالبان کے نام پرمنفی قوتوں کی سرپرستی کی گئی جس کے نقصانات پوری قوم کو اٹھانا پڑے۔آرمی چیف کی طرف سے بلاتفریق آپریشن کا اعلان اس لحاظ سے خوش آئند ہے کہ اس میں کسی بھی ملک دشمن قوت کے لیے کوئی نرم گوشہ نہیں

ایکنا نیوز- شفقنا- مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاک فوج کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف آپریشن ’’رد الفساد‘‘کے فیصلہ کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے اسے حالات کے عین متقاضی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے پاک فوج کے موثر اقدامات عوامی خواہشات کی ترجمانی کرتے ہیں۔دہشت گردی کے خاتمے میں اگر حکومت کی طرف سے سنجیدہ اقدامات کیے جاتے تو آج ملک کو اتنے سانحات نہ دیکھنے پڑتے۔شرپسندوں کے خلاف آپریشن میں رینجرز کو مکمل اختیار دیے جانے چاہیے تاکہ سیاسی دباؤ سمیت کوئی بھی بیرونی مداخلت ان پر اثر انداز نہ ہوسکے۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف فوج کے عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ردالفساد مطلوبہ نتائج کے حصول تک جاری رہنا چاہیے تاکہ وطن عزیز دہشت گردی کی لعنت سے پاک ہو سکے۔ماضی میں اچھے بُرے طالبان کے نام پرمنفی قوتوں کی سرپرستی کی گئی جس کے نقصانات پوری قوم کو اٹھانا پڑے۔آرمی چیف کی طرف سے بلاتفریق آپریشن کا اعلان اس لحاظ سے خوش آئند ہے کہ اس میں کسی بھی ملک دشمن قوت کے لیے کوئی نرم گوشہ نہیں۔پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مذکورہ آپریشن کے نتائج یقیناََ حوصلہ افزا ہوں گے۔نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل آپریشن رد الفساد کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جائے گا۔انہوں نے کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

نظرات بینندگان
captcha