یوم امام علی کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات

IQNA

یوم امام علی کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات

11:41 - June 17, 2017
خبر کا کوڈ: 3503155
بین الاقوامی گروپ: یوم شہادت امام علی کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور اسی مناسبت سے منعقد ہونے والے جلسوں کی سیکیورٹی کےلیے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے ہیں

ایکنا نیوز-ڈان نیوز کے مطابق کراچی اور حیدر آباد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ لاہور، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں جلوس کے روٹ بھی جاری کردیے گئے ہیں۔

کراچی

سندھ حکومت کی جانب سے یوم علی کے موقع پر کراچی اور حیدرآباد میں ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق جمعہ کی رات بارہ بجے سے ہوگا، اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں یومِ علی پر متبادل ٹریفک روٹ پلان جاری کر دیا گیا، یوم علی کے مرکزی جلوس کی وجہ سے لسبیلہ، گرومندر، لیاقت آباد، تین ہٹی، ایم اے جناح روڈ، نیو ایم اے جناح روڈ، پریڈی اسٹریٹ اور صدر مکمل طور پر بند رہیں گے۔

اولڈ سٹی ایریا سے آنے والے افراد سولجر بازار سے کوسٹ گارڈز آفس، جوبلی اور پھر گارڈن کی جانب راستہ اختیار کر سکتے ہیں جبکہ ناظم آباد سے آنے والے ٹریفک کو لسبیلہ سے نشتر روڈ اور گارڈن کی طرف جانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ لیاقت آباد سے آنے والا ٹریفک مارٹن روڈ سے جیل چورنگی، کشمیر روڈ اور شارع قائدین سے ہوتا ہوا شارع فیصل کی طرف جاسکتا ہے۔

ادھر اسٹیڈیم روڈ سے آنے والے افراد کشمیر روڈ سے سوسائٹی سگنل اور شاہراہ قائدین سے شارع فیصل کا راستہ اختیار کرسکتے ہیں۔ سپر ہائی وے سے آنے والے افراد گلبرگ سے لیاقت آباد دس نمبر، پھر ناظم آباد دو نمبر سے سائٹ اور شیر شاہ سے ہوتے ہوئے ماڑی پور روڈ پر جا سکتے ہیں۔

جلوس کے شرکا کے لیے چار راستے مختص کیے گئے ہیں، ناظم آباد سے آنے والے افراد لسبیلہ سے گارڈن جماعت خانے اور سولجر بازار سے ہوتے ہوئے نشتر پارک پہنچ سکتے ہیں جبکہ لیاقت آباد سے آنے والے افراد تین ہٹی سے گرومندر کے ذریعے جلوس میں پہنچیں گے، سوسائٹی سے آنے والے افراد نمائش جبکہ گلشن اقبال اور گلستان جوہر سے آنے والے افراد یونیورسٹی روڈ سے پرانی سبزی منڈی، کشمیر روڈ سے سوسائٹی سگنل، پیپلز سیکریٹریٹ چورنگی اور نوائے وقت چورنگی سے ہوتے ہوئے جلوس میں پہنچ سکتے ہیں۔

لاہور

لاہور میں یوم علی کے موقع پر7 ہزارسے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے، پولیس نے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی۔

مبارک حویلی سے برآمد ہونے والایوم علی کا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کراختتام پذیرہوگا، روایتی راستوں پر پولیس کی جانب سے سخت سیکیورٹی دی جائے گی، جلوس میں داخلے کے لیے شرکا کو چار مقامات پر تلاشی کے عمل سے گزرنا پڑے گا۔

جلوس کے علاوہ پولیس کی جانب سے شہر بھرکی اہم شاہراہوں اورداخلی راستوں پرسخت سیکیورٹی کے اقدامات کا دعویٰ بھی کیاگیا ہے

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا تھا کہ جلوس کے راستوں میں چھتوں پر ماہر نشانہ باز اور سخت سیکیورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ شہر کے چاروں اطراف ناکہ بندی کی جائے گئی۔

پولیس حکام کے مطابق موبائل سروس اور ڈبل سواری پر پابندی زیر غور ہے تاہم ابھی تک اس پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

پشاور

یوم علی کے موقع پر پشاور میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، یوم علی کے حوالے سے مرکزی جلوس کا امام بارگاہ سید عالم شاہ سے آغاز ہوگا اور یہ چوک نثار خان سے گزر کر دوبارہ امام بارگاہ سید عالم شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔

اس موقع پر کسی بھی قسم کے نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کےلیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ جلوس کے شرکا کو پہلے سے منظور کیے گئے مقامات پر جمع ہونے اور راستوں سے گزرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز ساجد خان کا کہنا تھا کہ جلوس کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 150 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

راولپنڈی

راولپنڈی میں آپریشنل پولیس نے یومِ علی پر سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا جبکہ ٹریفک پولیس نے بھی متبادل ٹریفک روٹ پلان جاری کر دیا۔

یوم علی جلوس کے موقع پر 2ہزار پولیس کے جوان و افسران تعینات کیے جائیں گے جبکہ اسپیشل برانچ، ایلیٹ فورس اور لیڈیز پولیس اہلکار اس کے علاوہ تعینات ہوں گے، جلوس میں داخل ہونے والے عزادار کو سیکورٹی کی چار تہوں سے گزر کر جلوس میں داخل ہونے کی اجازت ہو گی۔

ادھر ٹریفک پولیس نے یوم علی کے مرکزی جلوس کی وجہ سے ڈی اے وی کالج روڈ، تحصیل آفس، کمیٹی چوک، موچی بازار، تھانہ سٹی، عالم خان روڈ، امام بارگاہ چوک، ڈھوک رتہ چوک، سٹی صدر روڈ اور مسجد گندم روڈ ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہیں گئے۔

ان مقامات پر متبادل ٹریفک روٹ پلان جاری کیا گیا ہے، بنی جانے والے افراد مری روڈ سے اصغر مال چوک استعمال کریں گے اس کے علاوہ کمیٹی چوک جانے والے افراد بھی مری روڈ کا استعمال کریں گے اور انھیں اقبال روڈ تک جانے کی اجازت ہو گی۔

چیف ٹریفک افسر یوسف علی شاہد نے ڈان نیوز کو بتایا کہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل شاہراوں پر ٹریفک وارڈنز کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی جبکہ بند کی گئی شاہراوں پر 17جونئیر وارڈنز، 65 وارڈنز، 17انسپکٹرز، 5ڈی ایس پیز تعینات ہوں گے۔

سی ٹی او کا کہنا ہے کہ جلوس کی ابتدا سے اختتام تک جلوس کے تمام راستے سیل ہوں گے جبکہ متبادل راستوں پر ٹریفک جاری و ساری رہے گی۔

آپریشنل پولیس کا کہنا ہے کہ جلوس کی سیکیورٹی پر دو ہزار اہلکار تعینات ہو ں گے ،جلوس کے تمام راستوں کو مکمل طور پر سیل کیا جائے گا اور کسی بھی شخص کو بغیر چیکنگ کے جلوس میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی اور جلوس کے راستوں اور چھتوں پر اسنائپرز تعینات کیے جائیں گے۔

کوئٹہ

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں یوم علی کی مناسبت سے سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کیا گیا ہے۔

یوم علی کے جلوسوں کی سیکیورٹی کےلیے جلوس کے راستوں پر پولیس کے ساتھ ساتھ فرنٹیر کور (ایف سی) کو بھی تعینات کیا جائےگا اور راستے میں واقع تمام دکانیں بند رکھی جائیں گے۔

کسی بھی ناخوش گوار واقعے سےنمٹنے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ علاقے کا بھرپور جائزہ لے گا۔

سنیئرپولیس افسر کا کہنا تھا کہ جلوس کے روایتی راستوں پر 3 ہزار پولیس اہلکار اور 5 ہزار ایف سی اہلکار تعینات ہوں گے۔

نظرات بینندگان
captcha