قرعہ اندازی کے سوا عازمین حج کے انتخاب کا کوئی راستہ نہیں: سردار محمد یوسف

IQNA

قرعہ اندازی کے سوا عازمین حج کے انتخاب کا کوئی راستہ نہیں: سردار محمد یوسف

16:37 - February 23, 2018
خبر کا کوڈ: 3504241
بین الاقوامی گروپ: سردار محمد یوسف نے کہا کہ سرکاری سکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ لوگ حج کرنا چاہتے ہیں، ایک لاکھ بیس ہزار کا سرکاری کوٹہ ہے جس کے لئے تین لاکھ 75 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں

ایکنا نیوز- ڈیلی پاکستان کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ قرعہ اندازی کے سوا عازمین حج کے انتخاب کا کوئی راستہ نہیں، حکومت حج کے لئے جمع ہونے والی رقم پر سود یا منافع نہیں لیتی، رقم صرف شریعت اکاؤنٹ میں رکھی جاتی ہے، سود کسی بھی صورت جائز نہیں۔

 

ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سردار اعظم موسی خیل کے سوال کے جواب میں وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ سرکاری سکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ لوگ حج کرنا چاہتے ہیں، ایک لاکھ بیس ہزار کا سرکاری کوٹہ ہے جس کے لئے تین لاکھ 75 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، اب ان کے انتخاب کے لئے قرعہ اندازی کے سوا کوئی راستہ نہیں، جو لوگ مسلسل دو تین سال سے قرعہ اندازی میں سعادت سے محروم رہتے ہیں ان کے لئے 10 ہزار کا کوٹہ مختص کیا ہے، حج کے لئے صوبوں کا کوٹہ مقرر نہیں ہے جو بھی قرعہ اندازی میں منتخب ہوجاتے ہیں ان کو ہی بھیجا جاتا ہے، 10 ہزار کا کوٹہ 80 سال سے زائد عمر کے لوگوں اور ان کے اٹنڈنٹ کیلئے ہے۔

 

سینیٹر میر کبیر شاہی کے ضمنی سوال کے جواب میں وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ اگر حج کے لئے کسی نے پیسے لئے ہیں تو اس کا نام لیا جائے، ہم کارروائی کریں گے، حج کے لئے کسی کا کوٹہ نہیں ہے، ڈراپ آؤٹ کیسوں میں ڈراپ ہونے والوں کے رشتہ دار یا نامزد ہی جا سکتے ہیں، اس کا ریکارڈ موجود ہے، حج میں پہلے جو کچھ ہوتا تھا ساری دنیا کو پتہ ہے، اگر اب کسی کے علم میں کوئی کرپشن ہے تو سامنے لائے، نئی مردم شماری کے مطابق کوٹہ بڑھانے کے لئے سعودی عرب کی حکومت کو خط لکھا ہے، سرکاری حج سکیم میں پیسے کم کر دیئے گئے ہیں اور سہولتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

 

شبلی فراز کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ جن بینکوں کے پاس شریعت اکاؤنٹ تھا ان ہی بینکوں کو حج کے لئے رقوم جمع کرنے کی اجازت دی گئی ہے، سود کسی بھی صورت میں جائز نہیں، عدالتوں سے لوگوں نے حکم امتناعی لئے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے قرعہ اندازی نہیں ہو سکی، بینکوں میں رکھی رقم پر حکومت سود یا منافع نہیں کماتی، ہم نے عدالتوں میں جلد سماعت کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرر کھی ہے، عدالت کے حکم امتناعی کی وجہ سے حج کے حوالے سے کام رکے ہوئے ہیں۔

نظرات بینندگان
captcha