مسلمانوں کی نسل کشی، پشاور میں مظاہرے

IQNA

مسلمانوں کی نسل کشی، پشاور میں مظاہرے

19:17 - April 07, 2018
خبر کا کوڈ: 3504412
بین الاقوامی گروپ:افغانستان کے صوبے قندوز میں قرآن و حدیث کی مجلس پر وحشیانہ بمباری نے ثابت کر دیا کہ امریکہ مسلمانوں کو نیست و نابود کرنے کے در پے ہے
 
ایکنا نیوز- اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے صوبہ قندوز میں ہونے والی بمباری، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی بربریت اور فلسطین کے بارڈرز پر ہونے والے یہودی مظالم کے خلاف صوبائی دارالحکومت پشاورمیں مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں نے احتجاجی ریلیاں نکالیں اور جگہ جگہ مظاہرے کئے، جبکہ غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔ جماعت اسلامی ضلع پشاور کے زیر اہتمام گذشتہ روز افغانستان کے صوبہ قندوز میں مدرسہ پر ڈرون حملے کے نتیجے میں 100 سے زائد حفاظ قرآن کے شہادت اور کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا۔ بعد از نماز جمعہ مسجد مہابت خان سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور و سابق ممبر قومی اسمبلی صابر حسین اعوان نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے امریکہ اور بھارت کے خلاف بھرپور نعرہ بازی کی۔ قائدین نے کہا کہ افغانستان کے صوبے قندوز میں قرآن و حدیث کی مجلس پر وحشیانہ بمباری نے ثابت کر دیا کہ امریکہ مسلمانوں کو نیست و نابود کرنے کے درپے ہے اور اس کا دہشت گردی کے خلاف جنگ کا نعرہ محض فراڈ اور دھوکہ ہے۔ امریکہ دہشت گردی کے خلاف نہیں بلکہ اسلام کے خلاف صلیبی جنگ لڑ رہا ہے۔

جموں کشمیر موومنٹ کی کال پر ملک بھر کے طرح صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی احتجاجی ریلی و مظاہرہ کیا گیا۔ ریلی بعد از نماز جمعہ صدر فوارہ چوک سے شروع ہو کر پشاور پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔ احتجاجی ریلی میں مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے بھارتی، اسرائیلی اور امریکہ کے جھنڈوں کو نذر آتش کیا۔ اس احتجاجی مظاہرے کی قیادت جموں کشمیر موومنٹ پشاور کے صدر حافظ عارف اللہ، امیر کے پی جمعیت علماء اسلام (س) مولانا یوسف شاہ و دیگر کر رہے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج جموں کشمیر میں کیمیائی ہتھیار استعمال کر کے مسلمانوں کی نسل کشی کررہی ہے، بھارت کو بیرونی مسلمان دشمن کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور اس کو ہر حال میں بھارت کی بربریت سے آزاد کریں گے۔ اس کے علاوہ جمیعت علماء اسلام (ف) اور کالعدم جماعت سپاہ صحابہ نے بھی احتجاجی ریلی نکالی، اس موقع پر قائدین نے مطالبہ کیا کہ امریکہ اور بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کئے جائیں کیونکہ یہ مسلمانوں کے کبھی خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔ قندوز میں افغان فورسز کے فضائی حملوں میں معصوم طلبہ اور بے گناہ لوگوں کی شہادت پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا میں فساد کا باعث امریکہ ہے جو مختلف طریقوں سے مسلم امہ کو تقسیم کرنا چاہتا ہے۔
نظرات بینندگان
captcha