نیوزی لینڈ: 2 مساجد میں فائرنگ، متعدد شہید و زخمی

IQNA

نیوزی لینڈ: 2 مساجد میں فائرنگ، متعدد شہید و زخمی

9:55 - March 15, 2019
خبر کا کوڈ: 3505867
بین الاقوامی گروپ- نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد میں فائرنگ سے کم از کم دس افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

ایکنا نیوز- القدس العربی کے مطابق  فائرنگ کے نتیجے میں  نو اور بعض رپورٹ کے مطابق پچیس سے زاید افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس ’اے پی‘ کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دوپہر میں نماز جمعہ کے وقت پیش آیا۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور ایک بج کر 45 منٹ پر مسجد النور میں داخل ہوا جس کے بعد فائرنگ کی آواز سنی گئی، نمازِ جمعہ کے سبب مسجد میں بڑی تعداد میں نمازی موجود تھے۔

حملے کے بعد لوگ خوفزہ ہو کر مسجد نے باہر نکلے، اس کے علاوہ ایک حملہ آور کو بھی ہتھیار پھینک کر فرار ہوتے ہوئے دیکھا گیا, فائرنگ کا دوسرا واقعہ لین ووڈ مسجد میں پیش آیا۔

ایک اور عینی شاہد کا کہنا تھا کہ وہ ڈینز ایو مسجد میں نماز ادا کررہے تھے جب فائرنگ آواز سنی اور جب وہ باہر کی طرف بھاگے تو انہوں نے دیکھا کہ ان کی اہلیہ کی لاش فٹ پاتھ پر گری ہوئی ہے۔

ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن

نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن نے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ میں اس طرح کے انتہا پسندانہ اقدامات کی کوئی جگہ نہیں، یہ نیوزی لینڈ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس حملے میں جن لوگوں کو نشانہ بنایا گیا، نیوزی لینڈ ان کا گھر تھا اور انہیں یہاں محفوظ رہنا چاہیے تھا لیکن جن لوگوں نے حملہ کیا، ان کی نیوزی لینڈ کے لیے نیوزی لینڈ کے معاشرے میں کوئی جگہ نہیں۔

نظرات بینندگان
captcha