مسجد پر حملہ بمباری‘ مزید 24 فلسطینی شہید‘ عالمی برادری حملے بند کرائے : او آئی سی

IQNA

مسجد پر حملہ بمباری‘ مزید 24 فلسطینی شہید‘ عالمی برادری حملے بند کرائے : او آئی سی

14:34 - July 12, 2014
خبر کا کوڈ: 1428650
بین الاقوامی گروپ:جدہ میں اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کا ہنگامی اجلاس ، فوری جنگ بندی کا مطالبہ

ایکنا نیوز- نوائے وقت نیوز-غزہ /واشنگٹن/قاہرہ/نیویارک (اے ایف پی+آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) اسرائیلی جنگی طیاروں کی غزہ پر وحشیانہ بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت مزید 24 فلسطینی شہید ہو گئے۔ اسرائیلی جارحیت کے نتیجہ میں 5روز کے دوران شہید فلسطینیوں کی تعداد 112 ہو گئی جبکہ زخمی 775 سے زائد ہیں۔ بمباری سے متعدد عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ امریکی صدر بارک اوباما نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو فون کر کے جنگ بندی کرانے اور ثالثی کی پیشکش کی۔ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران امریکی صدر نے اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق کی حمایت کی۔ ادھر جدہ میں اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزراء پر مشتمل ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو جنگ بندی کرانے کے لئے سلامتی کونسل اور عالمی برادری میں رائے عامہ ہموار کرے گی۔ دریں اثناء اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی شہروں کے امن اور فائر بندی کیلئے کوشاں ہیں، فلسطینیوں پر حملے جاری رہیں گے۔ اب تک ایک ہزار ٹارگٹس کو نشانہ بنایا گیا۔ غزہ پر بھی حملے جاری رکھیں گے۔ اس بار دگنی طاقت سے غزہ پر چڑھائی کی ہے۔ عالمی دبائو ہمیں حملوں سے نہیں روک سکتا، مزاحمت کریں گے۔ اسرائیلی فضائیہ نے غزہ پٹی کی مسجد پر میزائل سے حملہ کیا جس میں 20فلسطینی شدید زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں فلسطین کی صورتحال پر جدہ میں او آئی سی کے مسلمان وزراء خارجہ کا اجلاس ہوا۔ اسلامی تعاون تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری غزہ پٹی پر اسرائیلی جارحیت بند کرائے۔  سعودی عرب نے کہا ہے کہ اسرائیل نے امن عمل کو سبوتاژ کیا۔ دریں اثناء اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر نیوی پیلے نے اسرائیل اور حماس سے اپیل کی ہے کہ حملوں کے دوران شہریوں کو محفوظ رکھنے کی کوشش کی جائے۔ دریں اثناء فلسطینی تنظیم حماس کے عسکری بازو نے دھمکی دی ہے کہ وہ اسرائیل میں بین گوریان کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو غزہ پٹی سے راکٹ حملوں کا نشانہ بنا سکتا ہے۔

2014-07-12

نظرات بینندگان
captcha