متنازع فیصلے کے خلاف جنرل اسمبلی میں قرار داد آج پیش ہوگی

IQNA

متنازع فیصلے کے خلاف جنرل اسمبلی میں قرار داد آج پیش ہوگی

9:16 - December 21, 2017
خبر کا کوڈ: 3503970
بین الاقوامی گروپ:مقبوضہ بیت المقدس کواسرائیلی دارلحکومت قراردینے کے امریکی فیصلے کے خلاف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرار داد آج پیش کی جائے گی

ایکنا نیوز- فلسطینی میڈیا کے مطابق بیت المقدس کواسرائیلی دارلحکومت قراردینے کے امریکی فیصلے کے خلاف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرار داد آج پیش کی جائے گی، قرار داد پیش کرنے والوں میں پاکستان، ترکی اور یمن بھی شامل ہیں۔

جنرل اسمبلی میں منظور کی گئی کسی بھی قرار داد پر عمل درآمد کی قانونی پابندی عائد نہیں ہو تی، یہاں پاس ہوئی قرار داد کی حیثیت محض تجویز یا رائے تک محدود ہوتی ہے۔

امریکا نے سلامتی کونسل میں بیت المقدس کے بارے میں قرارداد ویٹو کی، جس کے بعد آج جنرل اسمبلی اسی جیسی قراراداد پر ووٹنگ ہوگی اور قرارداد پیش کرنے والوں میں پاکستان بھی شامل ہےجبکہ جنرل اسمبلی کا اجلاس پاکستانی وقت کے مطابق جمعرات کی رات 8بجے ہوگا۔

193 رکنی جنرل اسمبلی سے کسی قرار داد کی منظوری کےباوجود اس پر عمل درآمد کی قانونی پابندی عائد نہیں ہو تی،اس قرارداد کی حیثیت محض تجویز یا رائے تک محدود ہوتی ہے،البتہ یہ مقبو ضہ بیت المقدس پر عالمی برادری کے موقف کی ترجمانی کرے گی ۔

اسرائیل کی تنہا حمایت کرنےوالا امریکا اب دوسرے ممالک کو بھی دھمکانے پر اتر آیا ہے، صدر ٹرمپ نے خبردارکیا ہے کہ امریکا کے خلاف ووٹ دینے والے ممالک کی امداد میں کٹوتی کردیں گے،امریکی صدر نے کہا کہ بعض ممالک ہم سے لاکھوں ڈالر لیتےہیں اورووٹ بھی ہمارے خلاف دیتےہیں۔

امریکی دھمکیوں پر ترکی نے دوٹوک موقف اختیار کیا، استنبول میں فلسطینی ہم منصب کے ساتھ پریس کانفرنس میں ترک وزیرخارجہ نے کہا کہ وقت بدل چکااور آج دنیا ناانصافی کے خلاف کھڑی ہورہی ہے، کوئی بھی غیرت مند ریاست امریکی دباؤ کے آگے نہیں جھکے گی۔

بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے یکطرفہ فیصلے پر فلسطین میں غم و غصہ برقرار ہے، ایک دن بھی ایسا نہیں گزرا جب فلسطینی امریکی صدر کے فیصلے کے خلاف باہر نکل کر احتجاج نہ کریںتاہم مغربی کنارے اور غزہ میں مظاہرین کی قابض اسرائیلی فورسز سے جھڑپیں بھی ہوئیں، جس میں 84فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

3674708

نظرات بینندگان
captcha