ڈنمارک میں نقاب پر پابندی کی خلاف ورزی پر پہلا جرمانہ

IQNA

ڈنمارک میں نقاب پر پابندی کی خلاف ورزی پر پہلا جرمانہ

14:42 - August 05, 2018
خبر کا کوڈ: 3504925
بین الاقوامی گروپ: ڈنمارک میں عوامی مقامات پر نقاب لگانے کی پابندی کے نئے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر پہلا جرمانہ عائد کردیا گیا۔

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق کوپن ہیگن کے علاقے ہورشلوم میں نقاب لگائی ایک 28 سالہ خاتون پر 156 امریکی ڈالر جرمانہ لگایا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کوپن ہیگن کے ایک شاپنگ سینٹر کے قریب پولیس کو طلب کیا گیا تھا۔

جہاں ایک لڑکی، نقاب پہنی ہوئی عورت کے ساتھ دست درازی کرتے ہوئے اس کا نقاب نوچنے کی کوشش کررہی تھی، اس لڑائی کے دوران لڑکی نے عورت کے چہرے سے نقاب کو نوچ ڈالا۔

پولیس کے مطابق ’جھگڑے کے دوران عورت کا نقاب نیچے گرگیا تھا تاہم ہمارے پہنچنے تک وہ اسے دوبارہ اپنے چہرے پر لگاچکی تھی‘۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے عورت کی نقاب پہنے ہوئے تصویر لے لی اور پھر شاپنگ سینٹر کے ایک کیمرے سے جھگڑے کی ویڈیو بھی حاصل کر لی۔

بعد ازاں عورت کو آگاہ کر دیا گیا کہ اُس پر ایک ہزار ڈینش کرونر (156 امریکی ڈالر) جرمانہ عائد کردیا گیا ہے، جس کا چالان اُسے بذریعہ ڈاک موصول ہوجائے گا۔

پولیس نے جھگڑا ختم کرانے کے بعد عورت سے مطالبہ کیا کہ یا تو وہ نقاب اتاردیں اور یا پھر فوری طور پر اس عوامی مقام سے چلی جائیں، جس پر نقاب پہنی عورت فوراً وہاں سے چلی گئیں۔

واضح رہے کہ ڈنمارک کی پارلیمنٹ نے رواں سال مئی میں عوامی مقامات پر چہرے کے مکمل پردے پر پابندی عائد کی تھی۔

ڈینش پارلیمنٹ میں منظور کیے گئے قانون کے مطابق ’جو کوئی عوامی مقامات پر ایسا کپڑا پہنے گا جس سے اس کا چہرہ چُھپ جائے تو اسے سزا اور جرمانہ عائد کیا جائے گا۔‘

اس قانون کے مطابق عوامی مقامات پر نقاب لگانے والی خواتین پر ایک ہزار کرونَر (156 امریکی ڈالر) جرمانہ عائد کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

انسانی حقوق کے رضاکاروں نے نقاب پر پابندی کو خواتین کے حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

گزشتہ روز ڈنمارک کے دارالحکومت کوہن ہیگن میں پارلیمنٹ کے فیصلے کے خلاف مظاہرہ بھی کیا گیا تھا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نےشرکت کی تھی اور متعدد افراد نے علامتی طور پر نقاب پہن کر اس میں احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔

چہرے کے نقاب کا معاملہ پورے یورپ میں ہی خاصہ متنازع رہا ہے، گزشتہ برس ایک یورپی عدالت نے بیلجیئم میں عائد کردہ نقاب کی پابندی کو برقرار رکھا تھا۔

فرانس وہ پہلا یورپی ملک تھا جس نے 2011 میں عوامی مقامات پر چہرے کے نقاب پر پابندی عائد کی تھی، جبکہ جرمنی میں چہرہ چھپانے پر جزوی پابندی ہے۔

نظرات بینندگان
captcha