افغان صدر کی انتخابی ریلی میں دھماکا، درجنوں زخمی و ہلاک

IQNA

افغان صدر کی انتخابی ریلی میں دھماکا، درجنوں زخمی و ہلاک

15:34 - September 17, 2019
خبر کا کوڈ: 3506636
بین الاقوامی گروپ-افغانستان کے مرکزی صوبے پروان میں صدارتی انتخابات کے حوالے سے منعقدہ ریلی کے دوران دھماکے میں 24 افراد ہلاک اور 31 زخمی ہوگئے۔

ایکنا نیوز- صدای افغان نیوز کے  مطابق افغانستان کے صحت حکام کا کہنا تھا کہ پروان میں صدر اشرف غنی کی جانب سے منعقدہ انتخابی ریلی کے قریب دھماکا ہوا، جس میں متعدد ہلاکتیں ہوئیں۔

صوبائی ہسپتال کے سربراہ ڈاکٹر عبدالقاسم سنگن کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں 'خواتین اور بچے شامل ہیں اور ان میں سے زیادہ تر متاثرین شہری لگ رہے ہیں، علاقے میں ایمبولنسز موجود ہیں اور اموات میں اضافے کا خدشہ ہے'۔

شمالی صوبے پروان میں چھاراکر ہسپتال میں موجود ڈاکٹر عبدالقاسم کا کہنا تھا کہ اس حملے میں 31 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب صدارتی مہم کے ترجمان حمید عزیز کا کہنا تھا کہ اشرف غنی وہاں موجود تھے لیکن وہ محفوظ ہیں اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا، ساتھ ہی انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیل فراہم کرنے سے انکار کیا۔

ادھر پروان میں صوبائی گورنر کے ترجمان وحیدہ شاہکار کا کہنا تھا کہ دھماکا اس وقت ہوا جب مقام کے داخلی راستے کی طرف ریلی گامزن تھی۔

ابتدائی طور پر حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی تاہم یہ دھماکا ایسے وقت میں ہوا جب بدامنی کا شکار افغانستان میں رواں ماہ کے اواخر میں صدارتی انتخابات ہونے جارہے ہیں۔

طالبان کی جانب سے افغانوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ووٹ نہ دیں کیونکہ وہ پولنگ اسٹیشنز اور انتخابی مہمات کو نشانہ بنائیں گے۔

نظرات بینندگان
captcha