ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق ایس ایچ او لورالائی عبدالرحمٰن کا کہنا تھا کہ کمشنر کے دفتر کے قریب دو موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں کو پولیس کے ایگل اسکواڈ نے روکا اسی دوران ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دوسرے سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں دوسرا دہشت گرد بھی مارا گیا تاہم تین پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے لورالائی ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں افغان سرحد کے قریبی شہر چمن میں 28 ستمبر کو بم دھماکے میں جمعیت علما اسلام (ف) کے مرکزی رہنما مولانا حنیف سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
مولانا حنیف پر حملہ چمن کے علاقے تاج روڈ پر ہوا تھا جس کے بعد علاقے میں مکمل ہڑتال کی گئی تھی۔
رواں ماہ کے آغاز میں بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے خزائی چوک میں یکے بعد دیگرے 2 دھماکوں میں ایک شخص جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے تھے۔