ایرانی قوم بلا تفریق مقاومت کی حامی ہے۔ رھبر معظم انقلاب اسلامی

IQNA

ایرانی قوم بلا تفریق مقاومت کی حامی ہے۔ رھبر معظم انقلاب اسلامی

16:29 - January 17, 2020
خبر کا کوڈ: 3507114
بین الاقوامی گروپ-ایران کے مختلف شہروں میں شہدائے استقامت کی تشییع جنازہ میں ایرانی عوام کی غیرمعمولی اور تاریخ ساز شرکت سے ثابت ہوا کہ قوم استعمار مخالف اور حامی انقلاب و متحد ہے۔ جمعہ کے اجتماع سے خطاب

ایکنا نیوز- رھبری ویب سائٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ نے دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ کے خطبوں میں ایام اللہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: جس دن سپاہ اسلام کی طرف سے امریکی ايئر بیس پر میزائل داغے گئے وہ دن یوم اللہ ہے۔

 نماز جمعہ کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آپ نے فرمایا: سردار محاذ استقامت شہید قاسم سلیمانی اور دیگر شہدا کے تاریخی جلوس جنازہ میں کروڑوں سوگواروں کی شرکت کے ایام اور امریکی فوجی چھاؤنی پر سپاہ پاسداران انقلاب کے حملے کا دن، ایام اللہ میں سے ہے۔

 نمازیوں کے تاریخی اور عظیم الشان اجتماع کو خطاب کرتے ہوئےآیت اللہ خامنہ ای نے فرمایا کہ پچھلے دوہفتے جو گذر ے ہیں ان میں اہم واقعات رونما ہوئے جو ایرانی عوام کے لئے تلخ اور شیریں دونوں تھے اور ساتھ ہی سبق آموز بھی تھے۔

رھبر معظم  نے فرمایا کہ جن دنوں ایران میں کروڑوں کی تعداد میں اور عراق میں دسیوں لاکھ کی تعداد میں لوگ سپاہ قدس کے کمانڈر کے خون (اور شہادت) کے احترام میں اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے اور اپنی شرکت سے شہید کے جلوس جنازہ کو دنیا کے سب سے بڑے جلوس جنازہ میں تبدیل کرنے کے لئے سڑکوں پر آئے تھے وہ دن ایام اللہ میں سے تھے۔

رھبر معظم  نے فرمایا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے اکتالیس برسوں کے بعد اس غیر معمولی اور عظیم الشان انسانی سمندر کو کون سی طاقت میدان میں لے آئی اور جوش و جذبے اور عشق و وفاداری کا یہ اظہار کس قوت کے ذریعے انجام پا رہا تھا ؟ آپ نے فرمایا کہ سوائے دست قدرت الہی کے اور کون سی طاقت اس طرح کا معجزہ رونما کرسکتی تھی۔

آیت اللہ خامنہ ای نے خطبہ نماز جمعہ میں فرمایا کہ ان واقعات میں جو شخص دست قدرت خدا کا مشاہدہ نہیں کرسکتا اور وہ مادی نگاہوں سے تجزئے کرتا ہے، وہ پیجھے رہ جائے گا کیونکہ اللہ کا ارادہ اس قوم کو کامیاب بنانا ہے-

رہبر انقلاب اسلامی نے ایران کے مختلف شہروں میں شہدائے استقامت کی تشییع جنازہ میں ایرانی عوام کی غیرمعمولی اور تاریخ ساز شرکت کا ذکرکرتے ہوئے فرمایا کہ ایرانی معاشرہ صبّار و شکور ہے ہماری قوم جذبہ استقامت سے سرشار اور شکر گزار قوم ہے اور گذشتہ برسوں کے دوران ایرانی قوم ہمیشہ الطاف الہی کی شکر گزار رہی ہے-

 رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ جنرل قاسم سلیمانی کا قتل بزدلانہ اقدام تھا جو میدان جنگ میں آمنے سامنے سے نہیں بلکہ چھپ کر اور دہشت گردانہ طریقے سے انجام دیا گیا اور یہ قتل امریکا کی ذلت و رسوائی کا سبب بنا۔

 آپ نے فرمایا کہ اس سے پہلے علاقے میں اس طرح کی دہشت گردانہ کارروائی صیہونی حکومت انجام دیا کرتی تھی اور اس کی ذمہ داری قبول کرتی تھی لیکن جنرل سلیمانی کے قتل کا اعتراف امریکی صدر کرتا ہے، اس سے بڑی رسوائی اور کیا ہوگی۔

 رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد ایرانی عوام کا انتقام انتقام کا نعرہ اور مطالبہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے میزائلوں کے لئے قوت محرکہ ثابت ہوا اور جس طرح سے سپاہ پاسداران نے امریکا کو بھرپور جواب دیا وہ بھی قابل غور ہے۔

آپ نے فرمایا کہ البتہ یہ جوابی حملہ اور کاری ضرب صرف ایک فوجی ضرب نہیں تھی اس سے بڑھ کر سپاہ پاسداران انقلاب نے امریکا کے منہ پر جو زور دار طمانچہ رسید کیا ہے اس سے امریکی ہیبت کا بت پاش پاش ہوگیا اور دنیا میں اس کی ساکھ اور دبدبے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا سپاہ پاسداران کے جوابی حملے کے بعد امریکی حکام ایران کے خلاف زیادہ سخت پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں لیکن سپاہ پاسداران کے میزائلی حملے نے امریکا کی ساکھ کو جو نقصان پہنچایا اور جس طرح سے اس کی ہیبت کا بت پاش پاش کیا ہے امریکی حکام اس کی بھرپائی اور تلافی کبھی بھی نہیں کرسکیں گے۔

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ طیارہ حادثہ بہت ہی تلخ حادثہ تھا اور حقیقی معنوں میں اس حادثے سے ہمارے دل غمزدہ ہیں، ایران اور دیگر ملکوں کے عزیز شہری اس حادثے میں بچھڑ گئے اور یہ بہت ہی تلخ حادثہ ہے ہم ان عزیزوں کے پسماندگان کو تعزیت پیش کرتے ہیں لیکن کچھ لوگوں نے کوشش کی کہ امریکی ٹی وی چینلوں اور برطانوی ریڈیو کے پروپیگنڈوں کے سہارے اس حادثے کو سردار سلیمانی اور جنرل ابو مہدی المہندس کی شہادت کے بعد رونما ہونے والے ایام اللہ کے واقعات کو لوگوں کے ذہنوں سے نکال دیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جنھیں ملک کے مفادات کا ذرہ برابر بھی خیال نہیں ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: امریکہ نے افغانستان، عراق اور دیگر جگہوں پر بہت سے انسانوں کو قتل کیا ہے لیکن  اعتراف نہیں کیا ، شہید قاسم سلیمانی کے بہیمانہ اور بزدلانہ قتل کا امریکی صدر نے آشکارا اعتراف کیا۔

نظرات بینندگان
captcha