بھارت میں مسلمان سمیت تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہیں، وزیر خارجہ

IQNA

بھارت میں مسلمان سمیت تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہیں، وزیر خارجہ

15:39 - April 29, 2020
خبر کا کوڈ: 3507569
تہران(ایکنا) بھارت کا رویہ نہ صرف مسلمانوں کے ساتھ خطرناک ہے بلکہ وہاں پر موجود تمام تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہیں، جس کا اظہار دنیا کے صف اول کے میڈیا میں بھی کیا گیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی کی رپورٹ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ آج نیویارک ٹائمز، واشنگٹن پوسٹ اور گارجین سمیت تمام صف اول کے میڈیا نے امریکی کمیشن کی تازہ ترین رپورٹ پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا رویہ صرف مسلمانوں کے لیے خطرناک نہیں بلکہ آج بھارت میں تمام اقلیتیں غیرمحفوظ ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکی ادارے کی رپورٹ میں ایسے 328 مختلف واقعات کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں بھارت میں جبراً مذہب کی تبدیلی کوششیں کی گئی ہیں۔

 

بھارت حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت میں کروڑوں کی تعداد میں ایسے لوگ بھی ہیں جو مثبت سوچ کے حامل ہیں اور سیکولر بھارت کے حامی ہیں اور وہ افراد اپنی آوازیں بھارت سرکار کے رویے کے خلاف اٹھا رہے ہیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل دہلی میں مسلمانوں کا قتل عام ساری دنیا نے دیکھا مگر انہوں نے مصلحتاً خاموشی اختیار کی جبکہ خلیجی ممالک نے بھارت کے رویے کے خلاف آواز بلند کی ہے۔

 

خلیجی ممالک کاحوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان ممالک میں بہت سے بھارتی شہری مقیم ہیں مگر ان پر تو زندگیاں تنگ نہیں کی گئیں۔

 

وزیرخارجہ نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کو میں نے دوبارہ خط لکھا ہے اور رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کو بھی خطوط ارسال کیے ہیں تاکہ وہ عالمی سطح پر اس رویے کے خلاف آواز اٹھائیں۔

 

انہوں نے کہا کہ بھارت سے متعلق بین الاقوامی ہیومن رائٹس تنظیمیں اور بین الاقوامی میڈیا کی رائے تیزی سے بدل رہی ہے

 

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما اور بھارتی وزیرداخلہ کے بیانات پر ان کا کہنا تھا کہ امیت شاہ مسلمانوں کو کورونا وائرس کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں اور بھارت کے مسلمانوں کو کورونا بم سے تشبیہ دے رہے ہیں جو انتہائی افسوس ناک ہے۔

 

وزیرخارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ دنیا میں ایک طرف اقلیتوں کے خلاف بھارتی اقدامات کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور دوسری طرف پاکستان کی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا جا رہا ہے۔

 

خیال رہے کہ امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی نے اپنی رپورٹ میں تجویز دی تھی کہ بھارت کو ’خاص تشویش ناک ملک‘ قرار دیا جائے۔

 

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ’مذہبی آزادی کی ممکنہ طور پر سب سے گری ہوئی اور سب سے خطرناک حد تک بگڑی ہوئی صورت حال دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت بھارت میں ہے.

1128760

نظرات بینندگان
captcha