حضرت امام جعفر صادق (ع) کی شہادت پر عالم اسلام سوگوار

IQNA

حضرت امام جعفر صادق (ع) کی شہادت پر عالم اسلام سوگوار

8:12 - June 17, 2020
خبر کا کوڈ: 3507782
تہران(ایکنا) فرزند رسول خدا حضرت امام جعفر صادق (ع) کی شہادت پرعالم اسلام عزادار ہے اور کورونا وائرس کے پیش نظر اکثر مقامات پر آپ کا سوگ آن لاین منایا جارہا ہے۔

آسمان امامت و ولایت کے چھٹے درخشاں ستارے فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پرعراق، لبنان، بحرین، شام ، پاکستان اور ہندوستان سمیت عالم اسلام عزادار اور نوحہ کناں ہے اور ہر جگہ عزاداری کا سلسلہ جاری ہے تاہم کورونا وائرس کے پیش نظر اکثر ممالک میں مجالس عزا آن لاین منعقد کی جارہی ہے یا حفاظتی تدابیر کے ساتھ محدود پیمانے پر مجالس ہورہی ہیں۔

حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سلسلہ معصومین کی آٹھویں کڑی اور چھٹے امام (ع) ہیں۔ حضرت امام جعفر صادق (ع) کا نام جعفر، کنیت ابو عبداللہ اور صادق لقب تھا۔ آپ امام محمد باقر علیہ السلام کے بیٹے اور حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے پوتے اور شھید کربلا حضرت امام حسین علیہ السلام کے پر پوتے ہیں۔ آپ کی والدہ حضرت محمد بن ابی بکر کی پوتی تھیں۔

بانی مکتب جعفریہ فرزند رسول (ص) حضرت امام جعفر صادق (ع) پچّیس شوال المکرم کو شہید ہوئے، اس موقع پر ایکنا نیوز ایجنسی تمام قارئین کو تسلیت عرض کرتے ہیں۔

آپ کے چند فرمودات:

استقامت 

"اگر ہمارے شیعہ و پیروکار ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے تو فرشتے ان کے ساتھ مصافحہ کرتے اور بادل ان پر اپنا سایہ قائم کرتے اور دن کو نورانی ہو کر چمکتے اور ان کے اوپر اور نیچے سے ان کیلئے رزق نازل کیا جاتا اور جو کچھ خدا نے انہیں عطا کیا ہے اس کے علاوہ مزید طلب نہ کرتے"۔ 

خدا پر بھروسہ:

"جو کوئی بھی خدا پر اعتماد کرے گا خدا دنیا اور آخرت کی مشکلات میں اس کیلئے کافی ہو گا اور جو چیز بھی اس کے پاس نہیں خدا اس کیلئے محفوظ کر لے گا، ایسا شخص انتہائی کمزور اور بے یارومددگار ہے جو مشکلات میں صبر سے کام نہیں لیتا اور نعمتوں پر شکر ادا نہیں کرتا اور ہر مشکل میں آسانی تلاش نہیں کرتا"۔

ناداروں سے محبت:

"فقیر اور مسکین مسلمانوں کے ساتھ دوستی کا اظہار کرو کیونکہ جو بھی ان کو حقارت کی نظر سے دیکھے گا اور ان کے ساتھ متکبرانہ رویہ اپنائے گا یقینا خدا کے دین سے منحرف ہو چکا ہے اور خدا ایسے شخص کو ذلیل و رسوا کر دے گا۔ ہمارے جد رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا: میرے پروردگار نے مجھے حکم دیا ہے کہ فقیر مسلمانوں کے ساتھ اظہار دوستی کروں"۔ 

نظرات بینندگان
captcha