امریکا: کار چھیننے کی کوشش کے دوران پاکستانی نژاد ڈرائیور جاں بحق

IQNA

امریکا: کار چھیننے کی کوشش کے دوران پاکستانی نژاد ڈرائیور جاں بحق

9:28 - March 30, 2021
خبر کا کوڈ: 3509075
2 نوجوان لڑکیوں کی جانب سے کار چھیننے کی کوشش کے دوران ٹیسر (بجلی کا جھٹکا دینے والی راڈ) سے تشدد کے بعد 66 سالہ پاکستانی نژاد امریکی ڈرائیور محمد انور جاں بحق ہوگئے۔

ساؤتھ ایسٹ واشنگٹن سے تعلق رکھنے والی 13 سالہ اور فورٹ واشنگٹن، میری لینڈ سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ لڑکیوں کے خلاف قتل، ٹیکسی چھیننے کی مسلح کوشش اور سنگین جرم کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

محمد انور ورجینیا کے علاقے اسپرنگ فیلڈ سے تعلق رکھتے تھے اور 'اوبر ایٹس' میں بحیثیت ڈرائیور ملازمت کرتے تھے، ان کے سوگواران میں ایک اہلیہ 3 بچے اور 4 پوتے پوتیاں شامل ہیں۔

ملزمان کی عمر قانونی طور 18 سال سے کم ہونے کے باعث پولیس نے ان کے نام جاری نہیں کیے البتہ یہ بتایا کہ دونوں نے کار چھیننے میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا۔

ایک بیان میں مقتول ڈرائیور کے اہلِ خانہ کا کہنا تھا کہ 'اس بے حس جرم کے باعث ان کا خاندان تباہ ہوگیا ہے، محمد انور ایک والد، دادا، شوہر، ایک بھائی اور انکل تھے جن سے امریکا اور ان کے آبائی ملک پاکستان میں بہت سے لوگ محبت کرتے تھے'۔

گریٹر واشنگٹن کے علاقے میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد کا کہنا تھا کہ انور ایک محنتی پناہ گزین تھے جو سال 2014 میں امریکا آئے تھے اور اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی زندگی بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کررہے تھے۔

اہلِ خانہ کا مزید کہنا تھا کہ 'ان کا نقصان ناقابل بیان ہے اور ان کا خاندان اور دوست احباب انہیں بہت زیادہ یاد کرتے ہیں'۔

دوسری جانب محمد انور کے اہلِ خانہ کا ایک ذریعہ آمدن ختم ہوجانے پر کمیونٹی نے ان کی معاونت کے لیے ایک گو فنڈ میں پیج بھی بنایا جس پر 6 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں 36 ہزار ڈالر سے زائد رقم جمع ہوگئی۔

بدھ کے روز دونوں نوجوان ملزمان لڑکیاں واشنگٹن کی عدالت میں پیش کی گئیں جہاں استغاثہ نے مبینہ کار چھیننے کی ویڈیو فراہم کی۔

استغاثہ کے مطابق محمد انور کی لڑکیوں کے ساتھ ساؤتھ ایسٹ واشنگٹن میں اس وقت لڑائی ہوئی جب انہوں نے ان کی ہونڈا ایکارڈ کار چھیننے کی کوشش کی۔

انہوں نے عدالت میں بتایا کہ کار میں موجود دونوں لڑکیوں نے گیئر کو ڈرائیو پر رکھا جس سے محمد انور ڈرائیور سیٹ اور دروازے کے درمیان پھنس گئے۔

وہ کار سے باہر کی جانب لٹکے ہوئے تھے جب کار تیزی سے وین اسٹریٹ ساؤتھ ایسٹ سے گزری اور ایک کھمبے سے ٹکرائی جس سے کار کا دروازہ محمود انور کو جا لگا اور ہسپتال پہنچ کر انہوں نے دم توڑ دیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ نیوی یارڈ کہلائے جانے والے اس علاقے میں اکثر کار چھیننے والے اوبر کے ڈرائیورز کو نشانہ بناتے ہیں۔

جنوری سے اب تک پولیس اس علاقے سے اوبر ڈرائیورز سے کار چھیننے کی کوشش کرنے والے 23 نوجوانوں کو گرفتار کرچکی ہے۔

1156748

نظرات بینندگان
captcha