یوپی میں مسلم شخص کا اغوا، داڑھی کاٹ دی گئی

IQNA

اسلاموفوبیا:

یوپی میں مسلم شخص کا اغوا، داڑھی کاٹ دی گئی

18:42 - June 15, 2021
خبر کا کوڈ: 3509567
تہران (ایکنا) وندے ماترم کے نعرے لگوائے ۔غازی آباد میں شرپسند عناصر کی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔

سیاست نیوز کے مطابق غازی آباد اترپردیش کے ضلع غازی آباد کے لونی تھانہ علاقے کے بہٹا حاجی پور کالونی میں شرپسند عناصر نے ایک عمر رسیدہ شخص کا اغوا کر نے کے بعد ان کے ساتھ مارپیٹ کی اور ان کی داڑھی کاٹنے کے ساتھ ساتھ مبینہ طور پر ان سے ’جئے شری رام‘ اور ’وندے ماترم‘ کے نعرے لگوائے۔ واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا سائٹس پر وائرل ہوگیا ہے۔ وائرل ویڈیو گزشتہ 5جون کا بتایا جاتا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں کلیدی ملزم پرویش گجر کو گرفتا رکرلیا ہے جبکہ دیگر ملزمین کی تلاش جاری ہے۔ پولیس حراست میں موجود پرویش گجر نے ابھی تک اس ضمن میں اپنا کوئی بیان نہیں دیا ہے۔واقعہ کی تفصیلات سے معلوم ہوا کہ متاثرہ شخص کا نام عبدالصمد ہے ۔ وہ نماز کے لئے مسجد جارہے تھے ۔ حملہ آوروں نے آٹو رکشا سے عبدالصمد کو کھینچ کر نکالا اور اُنھیں قریبی جنگلاتی علاقہ کی ایک جھونپڑی میں لے گئے ۔ حملہ آوروں نے اُنھیں مخصوص مذہبی نعرے لگانے پر مجبور کیا ۔ اُنھیں پاکستانی جاسوس بھی کہا گیا ۔ حملہ آوروں میں شامل ایک نوجوان جو سفید رنگ کی مکمل آستین والی ٹی شرٹ اور نیلے پینٹس میں ملبوس تھا ، اُس نے عبدالصمد پر چاقو دکھاکر دھمکایا اور اُنھیں اپنی داڑھی کاٹنے پر مجبور کیا ۔ اس واقعہ کے ویڈیو کو وائرل کیا گیا جس کے بعد حکام کو پتہ چلا ۔ پولیس نے کارروائی شروع کی اور حملہ آوروں میں سے ایک کو گرفتار کیا جبکہ دیگر ملزمین کی تلاش جاری ہے ۔ ویڈیو سے معلوم ہوتا ہے کہ کم از کم دو نوجوانوں نے عبدالصمد کو زدوکوب کیا اور اُنھیں اپنی مرضی کے برخلاف داڑھی کاٹنے پر مجبور کیا ۔ عبدالصمد نے بعد میں پولیس کو بتایا کہ اُنھیں زبردستی مخصوص مذہبی نعرے لگانے پر مجبور کیا گیا اور اس کے لئے اُنھیں مارپیٹ بھی کی گئی ۔ اُنھوں نے دیگر مسلمانوں کے ویڈیو بھی عبدالصمد کو دکھائے جنھیں اسی طرح حملوں کا نشانہ بنایا جاچکا ہے ۔ حملہ آور بڑے فخریہ انداز میں اُنھیں بتارہے تھے کہ اُنھوں نے سابق میں کئی مسلمانوں کو ہلاک کیا ہے ۔ پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔

نظرات بینندگان
captcha