افغانستان میں موجودہ طالبان حکومت کو تسلیم کیا جانا بہت اہم قدم ہوگا، وزیر اعظم

IQNA

افغانستان میں موجودہ طالبان حکومت کو تسلیم کیا جانا بہت اہم قدم ہوگا، وزیر اعظم

14:51 - September 18, 2021
خبر کا کوڈ: 3510249
افغانستان کے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر ایسی پالیسی تشکیل دے رہے ہیں کہ افغان حکومت کو کیا کرنا چاہیے کہ ہم سب ان کی حکومت کو تسلیم کر لیں۔

ڈان نیوز کے مطابق دوشنبے میں آر ٹی (عربی) چینل کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں وزیر اعظم نے کہا کہ ‘افغانستان اس وقت ایک تاریخی دوراہے پر کھڑا ہے جو یا تو 40 سال کی جنگی صورتحال کے بعد استحکام کی طرف بڑھے گا یا پھر یہاں سے غلط سمت میں چلا گیا تو اس سے افراتفری، انسانی بحران، پناہ گزینوں کا ایک بڑا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے جو ایک بڑے مسئلے کی صورت اختیار کر سکتا ہے جس سے تمام ہمسایہ ممالک متاثر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا سربراہ اجلاس اس لحاظ سے اہم ہے کیونکہ اس میں افغانستان کے تقریباً تمام ہمسایہ ملک شریک ہیں، پورے خطے کے لیے اس وقت افغانستان سب سے اہم موضوع ہے۔

'افغان سرزمین سے دہشت گردی کا خطرہ ہے'

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نکتہِ نظر سے افغان سرزمین سے دہشت گردی کا بھی خطرہ ہو سکتا ہے کیونکہ پہلے سے ہی تین دہشت گرد گروہ افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں دہشت گردی کراتے رہے ہیں۔

پاکستان کی طرف سے طالبان کی مدد کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ اگر تصور کر لیا جائے کہ پاکستان نے طالبان کی امریکا کے خلاف مدد کی تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ پاکستان، امریکا اور تمام یورپی ممالک سے طاقتور ہے اور یہ کہ پاکستان، ایک ہلکے ہتھیاروں سے لیس ملیشیا کے ساتھ جس کی تعداد 70 ہزار ہے، وہ بہترین ہتھیاروں سے لیس 3 لاکھ فوجیوں پر مشتمل فوج کو شکست دینے میں کامیاب ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے بدقسمتی سے ہمارے خلاف ایک پروپیگنڈا مہم شروع کی گئی ہے، پہلی بات تو یہ ہے کہ افغان حکومت کی جانب سے اپنی نااہلی، کرپشن اور افغانستان میں مؤثر گورننس نہ کر سکنے کی صلاحیت سے توجہ ہٹانے کے لیے یہ پروپیگنڈا شروع کیا گیا، اس حکومت کو افغانیوں کی اکثریت کٹھ پتلی حکومت سمجھتی رہی ہے کیونکہ اس حکومت کی افغانیوں کی نظر میں کوئی عزت نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پروپیگنڈے کا دوسرا کردار بھارت ہے جس نے اشرف غنی کی افغان حکومت پر بہت زیادہ سرمایہ کاری کی۔

'کیا پاکستان نے افغان فورسز کو لڑنے سے منع کیا تھا؟'

عمران خان نے کہا کہ یہ پروپیگنڈا ان کی جانب سے جاری ہے مگر اس کی کوئی منطق نہیں ہے، پاکستان کے 22 کروڑ عوام کے لیے ملک کا کُل بجٹ 50 ارب ڈالر ہے، ہماراملک کیسے اس مدافعتی جنگ میں مدد فراہم کر سکتا تھا جو امریکا پر حاوی ہو گئی اور جس میں امریکا نے 20 سالوں میں 2 ہزار ارب ڈالر سے زائد جھونک دیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ محض پروپیگنڈا ہے کیونکہ یہ کیسے ممکن ہے کہ 3 لاکھ افغانی فوج نے لڑائی ہی نہیں کی، کیا پاکستان نے انہیں لڑنے سے منع کیا تھا؟

ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ یہ وجوہات جاننا چاہتے ہیں کہ کیوں بیس سال بعد طالبان فتحیاب ہوئے اور امریکا کو شکست ہو گئی تو اس کے لیے آپ کو ایک تفصیلی تجزیہ کرنا ہوگا کہ کیوں دنیا کی بہادر ترین اقوام میں سے ایک قوم یعنی افغانوں کی فوج نے بغیر لڑے ہتھیار ڈال دیے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کا حصہ ہے، افغانستان میں موجودہ طالبان حکومت کو تسلیم کیا جانا بہت اہم قدم ہو گا، ہم افغانستان کے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، ہم ایک ایسی پالیسی تشکیل دے رہے ہیں کہ افغان حکومت کو کیا کرنا چاہیے کہ ہم سب ان کی حکومت کو تسلیم کر لیں۔

'افغانستان میں ایک شمولیتی حکومت ہونی چاہیے'

انہوں نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ افغانستان میں ایک جامع حکومت قائم ہو کیونکہ افغانستان ایک ایسا ملک ہے جہاں بہت زیادہ تنوع ہے، وہاں پشتون، ازبک اور ہزارہ جیسی قومیں آباد ہیں، افغانستان کے مفاد اور افغانستان میں طویل المدت استحکام کے لیے ہم سب یہ محسوس کرتے ہیں کہ وہاں ایک شمولیتی حکومت ہونی چاہیے جو افغانستان کو متحد کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس حوالے سے یہ مؤقف رکھتے ہیں اور اسی پر افغانستان کے تمام ہمسایوں کے ساتھ بات کرکے کوئی پالیسی تشکیل دیں گے۔

افغانستان میں اقلیتی گروہوں کو نمائندگی دینے کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ طالبان نے ایک ایسی زبردست جدوجہد کی جیسی کہ شاید ہی کسی نے کی ہو، کیونکہ بیس سال تک انہوں نے انسانی تاریخ کے مہلک ترین جنگی اسلحے کا مقابلہ کیا ہے۔

'سعودی عرب، ایران کے درمیان بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں'

پاکستان کے عرب ممالک کے ساتھ تعلقات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران ہمارا ہمسایہ ملک ہے، ہمسایہ ممالک کے ساتھ جتنا مہذب تعلق ہوگا وہ تجارت اور پورے خطے کے مفاد میں ہوگا، سعودی عرب پاکستان کا قریب ترین اتحادی اور ایک ایسا دوست رہا ہے جس نے ہمیشہ ہر ضرورت کی گھڑی میں ہماری مدد کی ہے۔

نظرات بینندگان
captcha