کراچی کے بزرگ کی غریب پروری کی اعلیٰ مثال کی دھوم

IQNA

کراچی کے بزرگ کی غریب پروری کی اعلیٰ مثال کی دھوم

11:17 - June 21, 2022
خبر کا کوڈ: 3512118
کراچی کے ایک بزرگ شہری نے درجنوں غریب موٹر سائیکل سواروں اور رکشا والوں کو مفت پٹرول فراہم کرکے سخاوت اور غریب پروری کی اعلیٰ مثال قائم کر دی۔
ایکنا نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک نامعلوم بزرگ کو کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے ایک پٹرول پمپ پر کھڑے اور پمپ پر پٹرول ڈلوانے کیلئے آنے والے ہر موٹر سائیکل سوار اور رکشا والے کو 700 روپے کا مفت پٹرول فراہم کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
 
زیر گردش ویڈیو میں سخی بابا جی کے پلے سے مفت پٹرول ڈلوانے کیلئے موٹر سائیکل سواروں کی ایک لمبی قطار لگی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بابا جی ہاتھ میں پکڑے ایک کاغذ پر پٹرول ڈلوانے والوں کی تعداد نوٹ کر رہے ہیں تاکہ اس کے مطابق آخر میں پمپ والوں کو بل ادا کریں۔
 
عینی شاہدین کے مطابق سخاوت اور غریب پروری کی یہ شاندار مثال جمعہ کے دن اورنگی ٹاؤن کے ایک پٹرول پمپ پر قائم ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ بابا جی نے اس موقع پر اپنے پلے سے 90 افراد کو مفت ایندھن فراہم کیا۔
 
بتایا جاتا ہے کہ اس موقع پرجب کچھ لوگوں نے بزرگ کی ویڈیو بنانا شروع کی تو سخی بابا جی نے سختی سے انہیں اس عمل سے منع کر دیا، تاہم کچھ لوگوں نے خفیہ طور پر ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی، جس کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔
 
بزرگ شہری نے حسب توفیق درجنوں افراد کو مفت پٹرول فراہم کرنے کے بعد پمپ والے کو پٹرول کا بل ادا کیا اور اپنا نام اور شناخت بتائے بغیر روانہ ہوگئے۔
عوام کا کہنا کہ جہاں حکومت کی جانب سے غربیوں پر سخت ترین قہر نازل ہورہا ہے وہاں ضرورت ہے کہ مخیر حضرات اپنے علاقوں میں نام و نمود کے بغیر ایسے اقدامات کرکے غریبوں کو بھوک سے مرنے سے بچاکر اجر عظیم حاصل کریں۔/
نظرات بینندگان
captcha