افغانستان: مسجد میں دھماکا، 20 افراد جاں بحق

IQNA

افغانستان: مسجد میں دھماکا، 20 افراد جاں بحق

16:40 - August 03, 2018
خبر کا کوڈ: 3504915
بین الاقوامی گروپ: افغان صوبے پکتیا میں نماز جمعہ کے موقع پر مسجد میں دھماکے سے 20 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

ایکنا نیوز- نیوز ایجنسی العربی الجدید کی رپورٹ کے مطابق پکتیا پولیس کا کہنا تھا کہ گردیز شہر میں نماز جمعہ کے موقع پر مسجد خواجہ حسن کے اندر دھماکا ہوا۔

پکتیا پولیس چیف راز محمد مندوزئی کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خودکش دھماکے میں25 افراد جاں بحق جبکہ23 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکا اس وقت ہوا، جب مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی جارہی تھی۔

دھماکے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور جائے وقوع سے شواہد اکھٹا کرنا شروع کردیے تاہم ابھی تک کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

خیال رہے کہ افغانستان کافی عرصے سے بدامنی کا شکار ہے اور آئے روز افغان دارالحکومت سمیت مختلف صوبوں میں بم دھماکے اور حملے کیے جاتے ہیں جن میں غیر ملکی افواج سمیت مقامی سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

اس سے قبل 31 جولائی کو مشرقی افغانستان میں سرکاری کمپاؤنڈ میں دھماکے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ ملک کے مغربی حصے میں سڑک کنارے دھماکے سے 11 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

22 جولائی کو افغانستان کے دارالحکومت کابل انٹرنیشنل ائر پورٹ کے دروازے کے قریب ہونے والے دھماکے سے کم از کم 14 افراد جاں بحق اور 60 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

نظرات بینندگان
captcha