جشن عید غدیر آج منایا جارہا ہے۔

IQNA

جشن عید غدیر آج منایا جارہا ہے۔

8:31 - August 20, 2019
خبر کا کوڈ: 3506523
بین الاقوامی گروپ- غدیر کے مقام پر آج کے دن رسالتماب نے بحکم خدا حضرت علی کو اپنا جانشین اور ولی مقرر فرمایا۔

ایکنا نیوز- پاکستان، ایران، عراق، بھارت، آسٹریلیا، برطانیہ، یورپ اور دیگر مختلف ممالک میں عید غدیر کا جشن انتہائی شان و شوکت کے ساتھ منایا جارہا ہے اور اس موقع کی مناسبت سے ہر طرف جشن اور محفلوں کا سلسلہ جاری ہے اور عمارتوں ، مساجد اور امام بارگاہوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے۔ جبکہ نجف اشرف میں مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کا حرم مطہر اس وقت عراق اور دنیا کے دیگر ملکوں کے لاکھوں زائرین سے چھلک رہا ہے اور عید غدیر کا جشن بہت ہی دھوم سے منایا جا رہا ہے-

 

شام میں جناب زینب سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں بھی عید غدیر کا جشن انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منانے کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

غدیرکا نام تو ہم سبھی نے سنا ہے، یہ سرزمین مکہ اورمدینہ کے درمیان، مکہ شہر سے تقریبا دوسو کلومیٹر کے فاصلے پر جحفہ کے پاس واقع ہے یہ ایک چوراہا ہے مختلف سرزمینوں سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام یہاں پہنچ کرایک دوسرے سے جدا ہو جاتے ہیں یہاں سے شمالی سمت کا راستہ مدینہ کی طرف، جنوبی سمت کا راستہ یمن کی طرف، مشرقی سمت کا راستہ عراق کی طرف اور مغربی سمت کا راستہ مصر کی طرف جاتا ہے آج کل یہ سرزمین بھلے ہی متروک ہو چکی ہو مگر ایک دن یہی سرزمین تاریخ اسلام کے ایک اہم واقعہ کی گواہ تھی اوریہ واقعہ اٹھارہ ذی الحجہ 10 ہجری قمری کا ہے جس دن حضرت علی علیہ السلام رسول اکرم کے جانشین کے منصب پر فائز ہوئے۔

 

یوں تو پیغمبر اسلام کی پوری حیات طیبہ مختلف جہتوں سے اہمیت کی حامل ہے لیکن واقعہ غدیر آّپ کی حیات مبارکہ کا ایک اہم ترین واقعہ ہے۔

 

آپ(ص) نے غدیر خم کے اہم خطبے میں فرمایا کہ "من کنت مولاہ فہذا علی مولاہ"۔ جس کا میں مولا ہوں میرے بعد علی اس کے مولا ہیں۔

 

 عیدسعید غدیر کو اسلامی روایتوں میں عیداللہ الاکبر بھی کہا جاتا ہے اور اس عید کو سبھی ادیان کی سب سے بڑی عید کہا جاسکتا ہے کیونکہ اس دن سبھی پیغمبران الہی کی محنتوں کا نتیجہ عملی شکل میں سامنے آیا تھا۔

 

 اس دن پوری دنیا میں عاشقان محمد و آل محمد عید غدیر انتہائی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منا رہے ہیں اور ایران میں آج عام تعطیل ہے۔۔

 

ایکنا کا ادارہ عید غدیر کے اس بابرکت اور پر مسرت موقع پر اپنے قارئین کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہے۔

نظرات بینندگان
captcha