ایران،سعودی عرب کے درمیان فوجی تصادم پاکستان کیلئے تباہ کن ہوگا،وزیر اعظم

IQNA

ایران،سعودی عرب کے درمیان فوجی تصادم پاکستان کیلئے تباہ کن ہوگا،وزیر اعظم

11:28 - January 17, 2020
خبر کا کوڈ: 3507113
بین الاقوامی گروپ-وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان فوجی تصادم پاکستان کے لیے تباہ کن ثابت ہوگا اور اسلام آباد کوشش کر رہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب نہ ہوں۔

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق جرمن نشریاتی ادارے 'ڈوئچے ویلے' کو انٹرویو کے دوران وزیر اعظم نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کے حوالے سے کہا کہ 'یہ درست ہے کہ ہم مشکل ہمسائیوں میں گھرے ہوئے ہیں اور ہمیں اپنے اقدامات کو متوازن رکھنا ہے، اس لیے ایران اور سعودی عرب کے درمیان فوجی تصادم پاکستان کے لیے تباہ کن ہو گا۔'

انہوں نے کہا کہ 'ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب نہ ہوں، یہ ایک ایسا خطہ ہے جو ایک اور تنازع کا متحمل نہیں ہو سکتا۔'

افغانستان میں قیام امن سے متعلق انہوں نے کہا کہ 'پاکستان، افغانستان میں قیام امن کے لیے اپنی بہترین کوششیں کر رہا ہے اور ہماری دعا ہے کہ طالبان، امریکا اور افغان حکومت مل کر قیام امن کی منازل طے کریں۔'

'بھارت پر آر ایس ایس کا قبضہ المیہ ہے'

بھارتی حکومت کے مسلمان مخالف اقدامات کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ 'بھارت میں ایک ایسی خاص انتہا پسندانہ نظریاتی سوچ غالب آ چکی ہے جو 'ہندوتوا‘ کہلاتی ہے، یہ راشٹریہ سویم سویک سنگھ (آر ایس ایس) کی نظریاتی سوچ ہے جو جرمن نازیوں سے متاثر ہو کر قائم ہوئی اور جس طرح نازی نظریے کی بنیاد اقلیتوں سے نفرت پر رکھی گئی تھی، آر ایس ایس کی بنیاد بھی مسلمانوں اور مسیحیوں سمیت دیگر اقلیتوں سے نفرت ہی ہے۔'

نظرات بینندگان
captcha