بھارت سے خود ساختہ حملے کا خدشہ، پاکستان کیلئے خاموش رہنا مشکل ہو جائیگا

IQNA

بھارت سے خود ساختہ حملے کا خدشہ، پاکستان کیلئے خاموش رہنا مشکل ہو جائیگا

14:25 - January 19, 2020
خبر کا کوڈ: 3507125
بین الاقوامی گروپ-وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری کو خبردار کیا ہے کہ اگر کشمیر میں بھارتی دراندازی کا سلسلہ جاری رہا تو پاکستان کے لیے خاموش رہنا مشکل ہو جائے گا۔

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنی ایک ٹوئٹ میں پیغام دیا کہ جنگ بندی لکیر کے اس پار نہتے شہریوں پر مقبوضہ بھارتی افواج کے شدت پکڑتے اور معمول بنتےحملوں کے پیش نظر لازم ہے کہ سلامتی کونسل عسکری مبصر مشن کی مقبوضہ کشمیر میں فی الفور واپسی کے لیے بھارت پر زور ڈالے۔

عمران خان نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا کہ ہمیں بھارت کی جانب سے ایک خود ساختہ/جعلی حملے کا اندیشہ ہے۔

ٹوئٹر پیغام میں عمران خان نے  عالمی برداری پر واضح کیا کہ  اگر بھارت جنگ بندی لکیر کے اس پار عسکری حملوں میں نہتے شہریوں کے بہیمانہ قتل عام کا سلسلہ دراز کرتا ہے تو پاکستان کے لیے سرحد پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے رہنا مشکل ہو جائے گا۔ 

واضح رہے کہ حال ہی میں نیویارک میں مقبوضہ کشمیر کی کشیدہ صورت حال اور لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا۔ 

یہ اجلاس پاکستان کی درخواست پر چین نے بلایا تھا جو 6 ماہ کے دوران مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر دوسرا اہم اجلاس تھا۔ 

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ برس دسمبر میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو خط لکھ کر کشمیر کی صورتحال پر توجہ دلائی تھی۔

نظرات بینندگان
captcha