میران شاہ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی، پاک فوج کے 4 جوان شہید

IQNA

میران شاہ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی، پاک فوج کے 4 جوان شہید

8:16 - July 13, 2020
خبر کا کوڈ: 3507915
تہران(ایکنا) شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے جبکہ 4 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 'ضلع شمالی وزیرستان میں میرانشاہ کے علاقے بویا سے 8 کلومیٹر دور ویزدا میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف پاک فوج نے کارروائی کی'۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق 'جوانوں نے علاقے کو گھیرے میں لیا تھا کہ دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی تاہم سیکیورٹی فورسز نے تمام دہشت گردوں کا خاتمہ کردیا'۔

پاک فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ 'فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 جوان بھی شہید ہوگئے، بعد ازاں علاقے کو صاف کردیا گیا'۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید جوانوں کی شناخت سپاہی محمد اسمٰعیل خان، سپاہی محمد شہباز خان یاسین، سپاہی راجا وحید احمد اور سپاہی رضوان خان کے نام سے ہوئی ہے۔

 

یاد رہے کہ 8 مئی کو میرانشاہ کے علاقے میں ہی ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر راکٹ حملے میں پاک فوج کے 2 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

 

 

قبل ازیں اپریل میں ضلع شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں 10 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوئے تھے۔

 

26 اپریل کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کی گئی کارروائی کے دوران پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے تھے جبکہ 9 دہشت گردوں کو بھی ہلاک کیا گیا تھا۔

 

اس سے قبل 14 اپریل کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک فوجی اہلکار شہید ہوگیا تھا۔

1136796

نظرات بینندگان
captcha