جماعت الدعوۃ کے 3 ملزمان کو مزید دو مقدمات میں سزائیں

IQNA

جماعت الدعوۃ کے 3 ملزمان کو مزید دو مقدمات میں سزائیں

17:55 - January 18, 2021
خبر کا کوڈ: 3508784
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں کو مزید 2 مقدمات میں ساڑھے چودہ، چودہ سال قید کی سزائیں سنا دیں۔

اے ٹی سی کورٹ نمبر 1 کے جج ارشد حسین بھٹہ کی عدالت میں سی ٹی ڈی کی طرف سے لاہور اور سرگودھا میں درج 23/19 اور 41/19 کی سماعت ہوئی۔

سماعت میں گواہوں کے بیانات اور جرح مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا گیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کی طرف سے دونوں مقدمات میں جماعت الدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر ظفر اقبال اور یحییٰ مجاہد کو ساڑھے چودہ ، چودہ سال جبکہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کو 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔

گواہوں کے بیانات پر حافظ محمد سعید و دیگر رہنماﺅں کے وکیل نصیرالدین نیئر اور محمد عمران فضل گل ایڈووکیٹ کی طرف سے جرح کی گئی۔

اے ٹی سی کورٹ میں جماعت الدعوۃ کے رہنماﺅں کو پیش کیے جانے کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

تمام ملزمان پر غیر قانونی فنڈنگ کے الزامات کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے، ملزمان کے خلاف پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے مقدمات درج کیے تھے۔

 

واضح رہے کہ جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں پر کُل 41 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

 

دو روز قبل بھی لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے 4 رہنماؤں کو دہشت گردوں کی مالی معاونت سے متعلق دو مقدمات میں سزائیں سنائی تھیں۔

 

11 نومبر کو اسی عدالت نے جماعت الدعوۃ کے تین رہنماؤں کو مزید 2 مقدمات میں سزائیں سنائی تھیں جبکہ پانچ رہنماؤں پر 5 مقدمات میں فرد جرم بھی عائد کر دی گئی تھیں۔

 

قبل ازیں 5 نومبر کو بھی اے ٹی سی نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے 3 رہنماؤں کو 2 مزید مقدمات میں سزائیں سنائی تھیں۔

 

یاد رہے کہ سی ٹی ڈی نے 2015 میں مذکورہ مجرمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے سیکشنز 11-ایف (2)(5)(6)، 11-ایچ(2)، ایچ-آئی، 11-این اور جے-2 کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی۔

 

قبل ازیں 12 فروری 2020 کو اے ٹی سی نمبر ایک نے جماعت الدعوۃ کے سربراہ حاٖفظ محمد سعید اور ملک ظفر اقبال کو 5، 5 برس قید کی سزا سنائی تھی۔

1148458

نظرات بینندگان
captcha