کرناٹک میں حجاب پر پابندی کے خلاف آل انڈیا شیعہ کونسل کا مذمتی بیان

IQNA

کرناٹک میں حجاب پر پابندی کے خلاف آل انڈیا شیعہ کونسل کا مذمتی بیان

9:09 - February 09, 2022
خبر کا کوڈ: 3511280
آل انڈیا شیعہ کونسل نے کرناٹک میں طالبات کے حجاب پر اسکول انتظامیہ کی طرف سے لگائی گئی پابندی کی پرزور مذمت کی اور اس اقدام کو سیکولر اقدار کے خلاف قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا نیوز زرایع کا کہنا ہے کہ آل انڈیا شیعہ کونسل کے قومی ترجمان مولانا جلال حیدر نقوی نے حجاب پابندی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حجاب انسانی ارتقاء اور عظمت و بلندی کی علامت ہے، انسانیت برہنگی و عریانیت کے غیر متمدن دور سے نکل کر حجاب ولباس کے متمدن دور میں داخل ہوئی لیکن کچھ شیطانی طاقتیں اور پست فطرت عناصر پوری دنیا میں پھر سے انسانیت کو برہنگی اور ننگے پن کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں مگر سب سے زیادہ قابل افسوس بات یہ ہے کہ ہمارے ملک ہندوستان میں جہاں حیا اور عفت کو عورت کا زیور شمار کیا جاتا ہے اور عورت کے عزت و وقار کا سب سے زیادہ دم بھرا جاتا ہے وہیں بے حیائی و بےحجابی کو رواج دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔

 

انکا کہنا تھا کہ  ہم کرناٹک حکومت سے اس غیر آئینی اقدام پر روک لگانے اور اسکول انتظامیہ کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کرتے ہیں اور ملک کے سیکولر عوام سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ سیاسی داو پیچ کیلئے کسی بھی گروہ یا پارٹی کو ملک کے آئین سے کھلواڑ کرنے کی اجازت ہرگز نہ دیں اور ان ہتھکنڈوں کے خلاف پر زور آواز احتجاج بلند کریں۔ کیونکہ اگر اس طرح کے غیر آئینی اقدام پر خاموشی اختیار کی گئی تو پھر ایک کے بعد ایک تمام لوگوں کے حق چھینے جائیں گے ۔

نظرات بینندگان
captcha