متحدہ علماء محاذ کا یوم جشن مولود کعبہؓ اوراسلامی انقلاب ایران کی سالگرہ پر سیمینار

IQNA

متحدہ علماء محاذ کا یوم جشن مولود کعبہؓ اوراسلامی انقلاب ایران کی سالگرہ پر سیمینار

8:10 - February 15, 2022
خبر کا کوڈ: 3511316
مولیٰ علیؓ کی سیرت و کردار مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے، وحدت امت کے لیے امام خمینی کی کاوش کو خراج پیش کرتے ہیں۔ علماء مشائخ

ایکنا نیوز کے مطابق متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر مرکزی صدر حجۃ الاسلام علامہ مرزایوسف حسین کی زیر صدارت مرکزی سیکریٹریٹ کراچی گلشن اقبال میں امیرالمومنین فاتح خیبر،داماد رسولؐ شیر خدامولود کعبہ علی المرتضیٰؓ کے یوم جشن ولادت اور اسلامی انقلاب ایران کی 43ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ سیمینار میں شریک مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ نے کہا ہے کہ نبی کریمﷺ نے مولیٰ علی کوباب العلم قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ جس کا میں مولیٰ اس کا علی مولیٰ ہیں۔ داماد رسولؓ کا بڑا و منفرد اعزاز فتح خیبر کے حوالے سے یہ ہے کہ آپﷺ نے فرمایاکہ کل میں جھنڈا ایسے شخص کے ہاتھ میں دوں گا جس کے ذریعے اللہ تعالیٰ خیبر کی فتح نصیب فرمائے گاچنانچہ آپﷺ نے دوسرے دن سیدنا علی المرتضیٰؓ کو بلواکر جھنڈا عطافرمایااور اللہ نے مولیٰ علیؓ کے ہاتھوں خیبر کی فتح نصیب فرمائی۔احادیث مبارکہ میں سیدنا علی المرتضیٰؓ کے فضائل و مناقب بے شمار ہیں۔ ہجرت کی رات آپﷺ نے مولیٰ علیؓ کو ہی لوگوں کی امانتیں سپرد کرنے کیلئے اپنے بستر پر سلایا۔  سرکار مدینہﷺ نے فرمایا علی سے منافق محبت نہیں کرتا اور مومن علی سے بغض و عداوت نہیں رکھتا، جس طرح حضرت موسیٰ علیہ السلام نے کوہ طور پر جانے کے وقت چالیس دن کیلئے اپنے بھائی حضرت ہارون علیہ السلام کو بنی اسرائیل پر اپنا خلیفہ بنایا تھا اسی طرح جنگ تبوک کی روانگی کے وقت آپﷺ نے مولیٰ علیؓ کواپنا خلیفہ اور نائب بنایا۔

سیمینار میں شریک علماء مشائخ نے اسلامی انقلاب ایران کی 43ویں سالگرہ پر بانی اسلامی انقلاب آیت اللہ امام خمینی کو خراج عقیدت اور رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ائ اور ایرانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینیؒنے ایرانی عوام کو ظالم جابر و استعمار کے ایجنٹ حکمران شاہ ایران سے نجات و آزادی دلائی،امام خمینی ؒ نے امریکہ،اسرائیل و استعماری سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے یوم ولادت رحمۃ اللعالمینﷺ کو ہفتہ وحدت کے طور پر منانے کا اعلان کیا،امام خمینی نے بیت المقدس کی آزادی کیلئے جمعۃ الوداع کو یوم القدس منائے جانے کا جرأت مندانہ اعلان کیا،وحدت امت اور بیت المقدس کے حوالے سے آیت اللہ امام خمینیؒ کی تاریخی،انقلابی جدوجہد و خدمات و کردار پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،برادر اسلامی ملک اسلامی جمہوریہ ایران پر اشتعال انگیز،دل آزار، ظالمانہ،جابرانہ امریکی پابندیوں اور اسرائیلی حملے کی دھمکیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں،پاک ایران تعلقات کو مزید مستحکم اور باہمی بااعتمادکی فضاء کے قیام اور دونوں ممالک کے درمیان علماء کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت ہے،مطالعاتی دوروں سے امن و اتحاد کی فضاء قائم اورامن و اتحاد کی دشمن طاقتوں کے شرانگیز و ناپاک عزائم بھی ناکام ہونگے، برادر اسلامی ملک ایران نے پاکستان کی ہر مشکل گھڑی میں ساتھ دیاہے۔ایران سے ہمارا دینی،اسلامی،ثقافتی مضبوط رشتہ ہے۔

سیمینار سے سرپرست مولانا انتظارالحق تھانوی، چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی سلفی،جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ ترکی، ممتاز تاجر و مذہبی اسکالر حاجی محمد فیاض بخاری، مرکزی نائب صدر خطیب اہل بیت علامہ علی کرارنقوی، علماء مشائخ فیڈریشن کے سربراہ علامہ پیر احمد عمران نقشبندی، بابر فاؤنڈیشن کے چیئرمین ایف ڈی ایف کے صوبائی صدر سردار بابر عباسی،مولانا جعفرالحسن تھانوی،جمعیت علمائے پاکستان کے علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، علامہ ڈاکٹر شاہ فیروزالدین رحمانی،صوفیہ امامیہ نوربخشیہ کے رہنما علامہ شیخ سکندر حسین نوربخشی،انجمن فلاح وبہبود نوربخشیہ کراچی کے نائب صدرعبدالحمید نوربخشی و دیگر نے خطاب کیا۔

نظرات بینندگان
captcha