بریلی: توہین رسالتؐ کے خلاف ایک لاکھ افراد کا احتجاج، نوپور شرما کی گرفتاری کا مطالبہ

IQNA

بریلی: توہین رسالتؐ کے خلاف ایک لاکھ افراد کا احتجاج، نوپور شرما کی گرفتاری کا مطالبہ

20:41 - June 20, 2022
خبر کا کوڈ: 3512110
تہران ایکنا: توہین رسالتؐ کے خلاف بریلی میں بڑے پیمانے پر احتجاج کرتے ہوئے مسلمانوں نے غم و غصہ کا اظہار کیا اور بی جے پی کی سابق ترجمان نوپور شرما کی گرفتاری کا مطالبہ کیا.

ڈیلی منصف کے مطابق توہین رسالتؐ کے خلاف بریلی میں بڑے پیمانے پر احتجاج کرتے ہوئے مسلمانوں نے غم و غصہ کا اظہار کیا بی جے پی کی سابق ترجمان نوپور شرما کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی مظاہرہ اور اجلاس اسلامیہ میدان میں منعقد کیا گیا اور یہ پوری طرح سے پرامن نظر آیا۔ اتحادِ ملت کونسل (آئی ایم سی) سے وابستہ مولانا توقیر رضا نے احتجاج کی کال دی تھی۔

اجلاس کے تعلق سے صرف ڈیڑھ ہزار لوگوں کے مجمع کی اجازت لی گئی تھی لیکن اس میں ایک لاکھ لوگوں نے شرکت کی۔ اس دوران مقررین نے کہا کہ حکومت نوپور شرما کی گرفتاری میں کوئی دلچسپی نہیں دکھا رہی ہے، لہذا اس معاملہ کو اقوام متحدہ (یو این او) میں اٹھایا جائے گا۔ یہ اجلاس جمعہ کے روز منعقد کیا جانا تھا لیکن کشیدگی کے پیش نظر اسے اتوار کے روز کے لئے موخر کر دیا گیا تھا۔

آئی ایم سی کے سربراہ مولانا توقیر رضا نے مسلمانوں کے تئیں انتظامیہ کے دوہرے رویے پر کئی سوالات اٹھائے۔ انہوں نے اب تک نوپور شرما کو گرفتار نہ کئے جانے پر مرکزی حکومت پر سخت تنقید کی۔ ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کو اپنا مکتوب بھی پیش کرنے سے انکار کر دیا۔

 

 

مولانا توقیر رضا نے کہا کہ وہ مکتوب لے کر آئے ہیں لیکن اسے اس بے ایمان حکومت کے حوالہ نہیں کریں گے کیونکہ اس سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا ’’ہم امن پسند لوگ ہیں، ہم ٹرین نہیں جلا رہے، ہماری بات نہیں سنی جا رہی۔ آج بڑے پمانے پر نوجوان ٹرین جلا رہے ہیں لیکن بلڈوزر چلایا گیا، کوئی لاٹھی کوئی گولی چلائی گئی؟ ایسے ماحول میں ہم کیسے مان لیں کہ ہماری بات سنی جائے گی۔ ہم اب اس معاملہ کو اللہ کے اوپر چھوڑتے ہیں، اللہ ہی سزا دے گا۔‘‘

مولانا توقیر رضا نے اپنا مکتوب حکومت کے سپرد کرنے کے بجائے اسے یو این او کو بھیجنے کی بات کی اور کہا کہ اب ہم یو این او کے دہلی واقع دفتر پر جا کر آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا ’’اب ہم پوری دنیا کو بتائیں گے کہ ہمارے ساتھ کتنے مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، ملک صرف انہی کا نہیں ہیں یہ ہمارات بھی ملک ہے۔‘‘

نریندر مودی اور یوگی آدتیہ ناتھ کا موازنہ کرتے ہوئے مولانا توقیر رضا نے یوگی آدتیہ ناتھ کو بہتر اور ’راج دھرم‘ پر عمل کرنے والا قرار دیا۔ انہوں نے کہا ’’ہم یوگی آدتیہ ناتھ کو سب سے زیادہ ناپسند کرتے تھے لیکن ماضی میں کچھ ایسے واقعات پیش آئے ہیں جب یوگی نے ثابت کیا ہے کہ وہ راج دھرم پر عمل کر رہے ہیں۔‘‘

 

نظرات بینندگان
captcha