قرآن کریم ہر قدم پر انسانوں کی رہنمائی اور کامیابی کا ضامن ہے : قاری محمد علی

IQNA

قرآن کریم ہر قدم پر انسانوں کی رہنمائی اور کامیابی کا ضامن ہے : قاری محمد علی

17:08 - December 01, 2022
خبر کا کوڈ: 3513269
ایکنا تھران- دیوبند، محلہ ابوالبرکات سفید مسجد پر واقع مدرسہ جامعہ رحمانیہ میں عدیل صدیقی کے حفظ قرآن مکمل کرنے پر دعائیہ تقریب منعقد کی گئی۔

ایکنا- ہندوستان اردو ٹائمز کے مطابق  محلہ ابوالبرکات سفید مسجد پر واقع مدرسہ جامعہ رحمانیہ میں عدیل صدیقی کے حفظ قرآن مکمل کرنے پر ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر میں سرکردہ افراد نے شرکت کی اور حافظ قرآن عدیل صدیقی کو مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر قاری محمدعلی نے کہا کہ قرآن پاک کا حفظ کرنا ایک سعادت کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم اللہ کی نازل کردہ وہ وعظیم کتاب ہے جس میں اللہ نے ہر ہر قدم پر انسانوں کی رہنمائی اورکامیابی کی ضمانت دی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ہمیں قرآن کریم کی اہمیت اور اس کی تعلیم کو سمجھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خوش نصیب ہیں وہ والدین جن کا بچہ حافظ قرآن بن جاتا ہے اور مسلمانوں کو چاہئے کہ مدارس اسلامیہ سے وابستگی اختیار کریں تاکہ ہر گھرمیں ایک حافظ قرآن بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم ہمارے لئے راہ ہدایت ہے ،اسی پر چل کر ہم دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں ۔ جنہوں نے قرآن کو اپنا نصب العین بنایا وہ دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی کامیاب ہوںگے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تبارک وتعالیٰ نے قرآن پاک کی حفاظت کی ذمہ داری خود لی ہے کہ اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جاسکتی جس کے بہترین نمونے حفاظ کرام کی شکل میں موجود ہیں کہ اللہ تبارک وتعالیٰ نے حفاظ کے سینوںمیں قرآن پاک کو محفوظ کررکھا ہے ، قابل مبارک باد ہیں یہ حفاظ اور ان کے والدین کہ کل میدان حشر میں ان کے سروں پر نور کا تاج پہنایا جائے گا، چنانچہ جو بھی قرآن سے وابستہ ہوگا وہ دونوں جہاں کی کامیابی حاصل کرے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ قرآن کریم سیدھے راستے کی طرف رہنمائی کرتا ہے اور اللہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ تم میں سب سے بہترین شخص وہ ہے جو قرآن کو سیکھے اور سکھائے۔ چنانچہ تعلیم قرآن کے لئے اسباب پیدا کرنے والے حضرات بھی اس مژدہ کے مستحق ہیں۔ مدارس دین کے قلعے ہیں ان کی بقا اور تحفظ امت مسلمہ کی اہم ذمہ داری ہے۔ قاری ہلال نے کہا کہ جب جب مسلم قوم نے قرآن کریم کو چھوڑا اور دنیا کی تعلیم کو مقدم سمجھا تو ذلت ورسوائی ان کا مقدر بنی، آج بھی تقریباً ہم اسی دور سے گزر رہے ہیںاس لئے مسلمانوں کو قرآن کریم کی تعلیم پر ہر حال میں توجہ دینی چاہئے تبھی ہم کامیابی وکامرانی حاصل کرسکتے ہیں۔

 

انہو ں نے کہا کہ تعلیمات نبویؐ کو اپنی زندگی میں اتارنے اور اس پر عمل کرنے میں ہی کامیابی ہے ۔  دین پر چلنے والا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنے والا ہی دنیا وآخرت میں کامیاب ہوگا۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچو ںکو عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآن پاک کی تعلیم ضرور دلائیں ،اسی میں ان کی بھلائی ہے ۔ اس دوران عدیل صدیقی کی دستاربندی بھی عمل میں آئی ، اس موقع پر شبلی صدیقی، معاذ نبی، اسعد صدیقی، شاہد صدیقی، طلحہ عثمانی ، محمد ذوالفقار ، سہیل صدیقی، صنیع الحق ، ثاقب صدیقی وغیرہ موجود رہے۔

 

 

نظرات بینندگان
captcha