
ایکنا نیوز- خبر رساں ایجنسی نون کے مطابق عتبہ حسینی کے شعبۂ ترقی کے سربراہ حسین رضا مہدی نے کہا کہ حضرت زینبؑ اور امام حسن مجتبیٰؑ کے صحنوں میں تعمیراتی سرگرمیاں بدستور جاری ہیں اور ان میں نمایاں پیش رفت حاصل ہو چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کے باقی ماندہ حصے کے لیے عتبہ حسینی کے متولیِ شرعی شیخ عبدالمہدی کربلائی کو ایک تجویز پیش کی گئی تھی کہ ایک سال کے اندر 90 ہزار مربع میٹر رقبے پر مشتمل صحنِ امام حسن مجتبیٰؑ کی مکمل تعمیر کی جائے، جسے انہوں نے منظور کر لیا ہے۔
مہدی نے بتایا کہ آئندہ عیدِ غدیر کے بعد منصوبے کی تفصیلات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس منعقد ہوگا، جس میں “اربعین سے اربعین تک” کے عنوان سے ایک جامع پروگرام ترتیب دیا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت موجودہ اربعین کے اختتام سے اگلے اربعین تک زائرین کے لیے خدمات اور سہولیات کا تعین کیا جائے گا، جبکہ سب سے اہم ہدف صحنِ امام حسن مجتبیٰؑ کی مکمل تکمیل ہوگا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں صحنِ امام حسن مجتبیٰؑ کے 14 ہزار مربع میٹر رقبے پر مشتمل زیرِ زمین ڈھانچے کو 15 میٹر گہرائی تک مکمل طور پر تعمیر کیا جا چکا ہے، اور توقع ہے کہ ماہِ محرم الحرام 1448 ہجری سے قبل اسے باقاعدہ طور پر زائرین کے لیے کھول دیا جائے گا۔/
4353662