یمن میں میلاد النبی(ص) کی تقریب اور توہین قرآن کی مذمت

IQNA

8:02 - August 24, 2026
خبر کا کوڈ: 3520623

یمن میں میلاد النبی(ص) کی تقریب اور توہین قرآن کی مذمت

ایکنا: صنعا میں واقع قرآن کریم کی تعلیم و حفظ کے مدرسے میں رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ(ص) کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے ایک جشن کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں قرآن کریم کی بار بار ہونے والی بے حرمتی کی مذمت کی گئی۔

1

ایکنا نیوز- الثورۃ  نیوز کے مطابق یمن کی جنرل اوقاف و ارشاد اتھارٹی کے نائب سربراہ فؤاد ناجی نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: یہ مدرسہ قرآن کریم کی تعلیم اور قرآنی ثقافت کے فروغ کے حوالے سے ایک نمایاں نمونہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا: طلبہ کا قرآن کریم اور رسول خدا(ص) کی عترت کے محور پر جمع ہونا قرآن اور قرآنی ثقافت کی برکت کا مظہر ہے، جبکہ میلاد النبی(ص) منانے سے قرآن کریم سے وابستگی اور رسول اکرم(ص) کی سیرت کو نمونۂ عمل بنانے کا جذبہ مضبوط ہوتا ہے۔

ناجی نے کہا: قرآن کریم کی بے حرمتی ایک ایسا جرم ہے جو ایک ملت اور پوری امت مسلمہ کے جذبات کو مجروح کرتا ہے، اگرچہ اس طرح کی توہین قرآن کریم کی تقدس یا اس کے بلند مقام کو کم نہیں کر سکتی۔

انہوں نے تاکید کی: قرآن کریم کی تعظیم اور کتابِ خدا کو مضبوطی سے تھامنا مقدسات کی توہین کی کوششوں کے خلاف ایک مؤثر موقف ہے۔

فؤاد ناجی نے آخر میں طلبہ کو محنت، تعلیم حاصل کرنے اور مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا: میلاد النبی(ص) منانے کا بہترین طریقہ قرآن کریم پر توجہ دینا، نیک اعمال انجام دینا، سخاوت کرنا اور مفید کام انجام دینا ہے۔

اس تقریب میں رسول اکرم(ص) کی عظمت و فضائل اور مسلمانوں کے درمیان اعلیٰ اسلامی اقدار کو مضبوط کرنے، نیز عزت و کرامت کو فروغ دینے کے لیے آپ(ص) کی جدوجہد کے موضوع پر تقاریر بھی کی گئیں۔

تقریب کے دوران قرآن کریم کی شان میں ہونے والی بار بار کی توہین کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ یہ توہینیں امت مسلمہ کی کمزوری اور غفلت کے باعث انجام دی جا رہی ہیں، جس صورتِ حال نے کفار اور ملحدین کو اسلامی مقدسات کے خلاف اپنی مہمات جاری رکھنے کے لیے مزید حوصلہ دیا ہے۔

مقررین نے مزید تاکید کی کہ موجودہ صورتِ حال امت مسلمہ کے نوجوانوں اور نئی نسل کو ایک سنجیدہ اور مؤثر موقف اختیار کرنے کی دعوت دیتی ہے، ایسا موقف جو اسلامی مقدسات اور نبی مکرم حضرت محمد مصطفیٰ(ص) کی حمایت کے لیے ان کی غیرت اور دینی حمیت کا مظہر ہو۔/

 

4371202

نظرات بینندگان
captcha