غزہ میں شہداء کی تعداد 73 ہزار 449 تک پہنچ گئی

IQNA

8:39 - August 30, 2026
خبر کا کوڈ: 3520648

غزہ میں شہداء کی تعداد 73 ہزار 449 تک پہنچ گئی

ایکنا: صہیونی حکومت کی جانب سے غزہ کی پٹی میں جاری جرائم کے نتیجے میں اس علاقے میں شہداء کی مجموعی تعداد 73 ہزار 449 ہو گئی ہے۔

1

ایکنا نیوز- شہاب نیوز ایجنسی کے مطابق غزہ کی وزارتِ صحت نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران صہیونی حکومت کے حملوں میں 10 افراد شہید جبکہ 18 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، 11 اکتوبر 2025ء کو جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے اب تک 1,313 افراد شہید اور 4,361 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

اس دوران 815 شہداء کی لاشیں ملبے تلے سے نکالی گئی ہیں۔

ان شہداء کو مجموعی تعداد میں شامل کرنے کے بعد، 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک غزہ میں شہداء کی مجموعی تعداد 73 ہزار 449 جبکہ زخمیوں کی تعداد 174 ہزار 472 ہو گئی ہے۔

یہ اعداد و شمار ایسے وقت میں جاری کیے گئے ہیں جب نام نہاد ’’غزہ امن کونسل‘‘ کے اعلیٰ نمائندے نکولای ملادینوف نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی معاہدے کے خاتمے کے خدشے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کی واپسی تباہ کن ہوگی۔

انہوں نے الجزیرہ نیوز نیٹ ورک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: روڑ میپ پر عمل نہ کرنا غزہ میں جنگ بندی کے لیے خطرہ ہے اور اس کے نتیجے میں جنگ بندی کا معاہدہ ختم ہو سکتا ہے۔

ملادینوف نے مزید کہا: غزہ میں جنگ بندی کے خاتمے کے بارے میں میری تنبیہ فلسطینی اور اسرائیلی دونوں فریقوں سے متعلق ہے۔ غزہ کی پٹی کے حوالے سے موجودہ منصوبے کا کوئی بہتر متبادل نہیں ہے اور جنگ کی طرف واپسی تباہ کن ثابت ہوگی۔

انہوں نے واضح کیا: ہم نے غزہ کی پٹی میں استحکام قائم رکھنے اور اسے برقرار رکھنے والی بین الاقوامی فورس کی تعیناتی کے طریقۂ کار اور اس کے قیام کے مقامات کا تعین کر لیا ہے۔ ہم نے مراکش کے ساتھ غزہ میں اس بین الاقوامی فورس میں شرکت کے حوالے سے بھی معاہدہ کر لیا ہے، جبکہ ترکی اس فورس میں شامل نہیں ہوگا۔/

 

4372681

نظرات بینندگان
captcha