کوسوو اور البانیہ میں نابینا افراد کو بریل رسم الخط میں قرآن مجید تقسیم

IQNA

10:29 - October 27, 2026
خبر کا کوڈ: 3520931

کوسوو اور البانیہ میں نابینا افراد کو بریل رسم الخط میں قرآن مجید تقسیم

ایکنا: قطر کے خیراتی ادارے نے کوسوو اور البانیہ میں بصارت سے محروم افراد کو بریل رسم الخط میں قرآن کریم کے 250 نسخے فراہم کرنے کی اطلاع دی ہے۔

1

ایکنا نیوز- جی ٹائمز (GTimes)  نیوز کے مطابق قطر کے خیراتی ادارے نے ’’مصحف بصیرہ‘‘ (Baseera Mushaf) کے 250 نسخے کوسوو اور البانیہ میں بصارت سے محروم افراد میں تقسیم کیے۔ مصحف بصیرہ قرآن کریم کا وہ نسخہ ہے جو بریل رسم الخط میں تیار کیا گیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت دونوں ممالک میں اسلامی حکام اور متعلقہ مقامی تنظیموں کے تعاون سے 160 نسخے کوسوو میں تقسیم کیے گئے، جبکہ باقی 90 نسخے البانیہ کے لیے مختص کیے گئے۔

یہ منصوبہ 2014ء میں شروع کیا گیا تھا اور اب بھی جاری ہے۔ یہ اقدام قطر کے خیراتی ادارے کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ قرآن کریم کی خدمت کرے اور دنیا بھر کے محروم معاشروں میں نابینا افراد کے لیے مختلف زبانوں میں قرآن کریم تک رسائی ممکن بنائے۔

کوسوو میں قطر کے خیراتی ادارے کے دفتر نے ’’اسلامی برادری کوسوو‘‘ کے تعاون سے ان افراد کی شناخت کی جو اس منصوبے سے مستفید ہونے کے اہل تھے۔ اس ادارے کی رپورٹ کے مطابق، کوسوو میں بصارت سے محروم 300 ایسے افراد موجود ہیں جو اس مصحف سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ یہ تعداد ظاہر کرتی ہے کہ بریل رسم الخط میں قرآن کریم کے حصول کی طلب، دستیاب نسخوں کی تعداد سے کہیں زیادہ ہے۔

اس منصوبے پر عمل درآمد کے سلسلے میں دارالحکومت پریشتینا میں واقع اسلامی مطالعات کی فیکلٹی میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں کوسوو کے مفتی اعظم نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر مستحق افراد میں قرآن کریم کے 160 نسخے تقسیم کیے گئے۔

البانیہ میں بھی قطر کے خیراتی ادارے نے ’’مسلم کمیونٹی البانیہ‘‘ کے تعاون سے مستحق افراد کی شناخت اور قرآن کریم کی تقسیم کے انتظامات کیے۔ اس عمل کے دوران 90 نابینا افراد کی نشاندہی کی گئی اور ان میں سے ہر ایک کے لیے ’’مصحف بصیرہ‘‘ کا ایک نسخہ مختص کیا گیا۔

ان تقریبات سے انسانی ہمدردی اور تعلیمی شعبوں میں اس منصوبے کے مثبت اور بامعنی اثرات نمایاں ہوئے۔ مستفید ہونے والے افراد نے قرآن کریم کو پڑھنے، سننے اور حفظ کرنے کے ذریعے اس سے رابطہ قائم کرنے کے اس موقع کا خیرمقدم کیا۔

اس اقدام سے مقامی اسلامی اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ ملا اور اس بات کی اہمیت بھی اجاگر ہوئی کہ ایسے جامع فلاحی پروگرام ترتیب دیے جائیں جو معذور افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے لیے سہولتیں فراہم کریں۔/

 

4384942

نظرات بینندگان
captcha