ایکنا: صوبہ واسط کی کوت یونیورسٹی میں سولہویں بین الاقوامی شہادت فیسٹیول کی تقریبات شروع ہوگئیں۔
ایکنا نیوز کی عراق سے موصولہ رپورٹ کے مطابق، یہ فیسٹیول انجمن ثقافتی امام حسینؑ کی سرپرستی اور حوزۂ علمیہ نجف کے تبلیغی منصوبے اور عراق کے مقدس روضوں (علوی، حسینی، کاظمین، عسکری اور عباسی) کے تعاون سے منعقد کیا جارہا ہے۔ اس میں دیگر ادارے بھی شریک ہیں۔
یہ فیسٹیول حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کی یاد میں ’’سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا؛ ہدایت کا چراغ اور مضبوط رسی (عروۃ الوثقیٰ) جو کبھی کمزور نہیں پڑتی‘‘ کے عنوان سے منعقد کیا جارہا ہے۔
فیسٹیول کے نگران شیخ حازم الدبونی نے بتایا کہ سولہویں سالانہ بین الاقوامی شہادت فیسٹیول کے پروگرام کے تحت ’’جامعاتی ہفتے‘‘ کی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ یہ فیسٹیول صوبہ واسط میں 30 روز تک جاری رہے گا، جس کے دوران ثقافتی، علمی اور تبلیغی نوعیت کی متعدد سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جامعاتی ہفتے میں کوت اور واسط کی یونیورسٹیوں کے علاوہ متعدد اداروں اور کالجوں میں دینی تبلیغی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ ان سرگرمیوں میں دینی علوم کے طلبہ کا ایک گروپ بھی حصہ لے گا۔ اس کے علاوہ کتابوں کی ایک نمائش بھی منعقد کی جائے گی، جس میں مقدس روضوں اور ان سے وابستہ اشاعتی اداروں کی کتب پیش کی جائیں گی۔
الدبونی نے وضاحت کی کہ ان سرگرمیوں کا مقصد طلبہ اور محققین کو علمی، حدیثی اور شیعہ ورثے کے مصادر سے استفادہ کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ علمی و ثقافتی تصانیف سے فائدہ اٹھا سکیں اور ان کے ذریعے جامعاتی سرگرمیوں کو مزید وسعت اور تقویت ملے۔
انہوں نے کہا کہ مقدس روضے، بالخصوص روضۂ مبارک حضرت عباس علیہ السلام، مستند علمی منابع فراہم کرکے جامعات اور تعلیمی اداروں کی معاونت میں فعال کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ علمی وسائل طلبہ، اساتذہ اور محققین کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
الدبونی نے مزید کہا کہ یہ تقریبات مکتب اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کو متعارف کرانے اور نجف میں اعلیٰ دینی مرجعیت کی حمایت یافتہ پُرامن بقائے باہمی کی ثقافت کو فروغ دینے کا ایک اہم موقع ہیں۔/
4384929