ایکنا: رپورٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین سے صہیونی معاشرے کی ریکارڈ سطح پر ریورس نقل مکانی کے باعث اسرائیل کی معیشت کو قریب الوقوع تباہی کے خطرے کا سامنا ہے۔
ایکنا نیوز- القدس کے حوالے سے شائع ہونے والی حالیہ اقتصادی رپورٹس میں قابض حکومت سے متعلق امور کے ماہر ذرائع نے ’’نقل مکانی معکوس‘‘ کی غیر معمولی شرحوں کا انکشاف کیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق، صرف 2025ء میں تقریباً 70 ہزار صہیونی آبادکاروں نے مقبوضہ علاقوں کو چھوڑ دیا۔ یہ تعداد گزشتہ دہائی کے دوران سالانہ 40 ہزار سے کم افراد کی اوسط کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ظاہر کرتی ہے اور اس حکومت کے مستقبل کے حوالے سے اعتماد کے گہرے ہوتے بحران کی نشاندہی کرتی ہے۔
تل ابیب یونیورسٹی کے علمی ذرائع نے رپورٹ کیا ہے کہ نقل مکانی کی موجودہ لہر میں زیادہ تر ایسے نوجوان خاندان شامل ہیں جن کے بچے بھی ہیں۔ یہ رجحان آبادکار معاشرے کے آبادیاتی ڈھانچے اور معیشت کے لیے خطرہ بن رہا ہے۔ محققین نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ صورت حال برقرار رہی تو معاشی توازن بگڑ سکتا ہے اور یہاں تک کہ مکمل اقتصادی انہدام بھی ہوسکتا ہے، بشرطیکہ اس صورت حال سے فوری طور پر نمٹنے کے لیے اقدامات نہ کیے جائیں۔ یہ تشویش اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ اس معاشرے میں واپس آنے والوں کی تعداد اپنی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔
جلد شائع ہونے والی ایک رپورٹ سے حاصل کردہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ نقل مکانی کرنے والوں میں زیادہ تر اعلیٰ صلاحیتوں اور مہارتوں کے حامل افراد شامل ہیں۔ ان میں اعلیٰ تعلیمی اسناد رکھنے والے افراد، انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنس کے فارغ التحصیل افراد اور ڈاکٹر شامل ہیں۔
ماہر اور ہنرمند افرادی قوت کا یہ انخلا اس خطے کی معیشت کے بنیادی وسائل کے لیے براہِ راست خطرہ ہے، کیونکہ اس معیشت کا تسلسل اور استحکام بڑی حد تک ٹیکنالوجی اور جدت طرازی کے شعبوں پر منحصر ہے۔
محققین نے ’’نیٹ ورک اثر‘‘ (اثرِ رابطہ) کے حوالے سے بھی خبردار کیا ہے۔ اس سے مراد وہ صورت حال ہے جس میں کسی ایک شخص کا ملک چھوڑنے کا فیصلہ دوسروں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ بیرونِ ملک تارکینِ وطن کی برادریوں کے پھیلاؤ سے یہ رجحان مزید مضبوط ہوتا ہے۔
ذرائع کے مطابق، نقل مکانی کے ان بڑھتے ہوئے نیٹ ورکس سے اندرونی سطح پر سماجی ہم آہنگی اور عوامی خدمات کا نظام کمزور پڑتا ہے، جس کے نتیجے میں معیشت پر دور رس اور سنگین اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ مستقبل قریب میں ان اثرات سے نمٹنا بھی مشکل ہوسکتا ہے۔
دو صہیونی پروفیسرز، ایتای آتر اور نیتای برگمن نے تصدیق کی ہے کہ خالص نقل مکانی کے توازن میں کمی، یعنی اس سرزمین کو چھوڑنے والوں اور واپس آنے والوں کی تعداد کے درمیان فرق، 2009ء کے بعد اپنی بدترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
ان محققین نے نشاندہی کی کہ مذکورہ اعداد و شمار میں ان نئے تارکینِ وطن کو شامل نہیں کیا گیا جو وہاں پہنچنے کے فوراً بعد ہی واپس چلے گئے۔ اس طرح قابض حکومت کے ان دعوؤں کی تردید ہوتی ہے جن کے ذریعے وہ ان اعداد و شمار کو یوکرین سے تعلق رکھنے والے ان تارکینِ وطن کی اپنے وطن واپسی سے منسوب کرنے کی کوشش کررہی تھی۔/
4384778