ایکنا: استنبول کی بلدیہ کے تعاون سے عثمانی دور سے تعلق رکھنے والی ایک تاریخی مسجد کی بحالی کا کام جاری ہے۔
ایکنا نیوز- روزنامہ ڈیلی صباح کے مطابق مسجد «بوستانجیلار تابخانسی» (Bostancılar Tabhanesi)، جسے مسجد «یدکچیلر» (Yedekçiler) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور جو تقریباً 70 سال قبل بند کر دی گئی تھی، اس وقت استنبول کے علاقے سرائے بورنو (Sarayburnu) میں بحالی کے مراحل سے گزر رہی ہے۔
یہ مسجد سلطان سلیمان قانونی کے دورِ حکومت میں محل کے بیمار باغبانوں کے استعمال کے لیے تعمیر کی گئی تھی۔ یہ توپ قاپی محل کی ساحلی فصیل کے باہر، سرائے بورنو اور آحیر قاپی (Ahırkapı) کے علاقوں کے درمیان واقع تھی۔ 1950ء کی دہائی میں ساحلی سڑک کی تعمیر کے دوران یہ عمارت منہدم کر دی گئی تھی۔
اس مسجد کی بحالی کا کام فاتح ضلع کی بلدیہ کی نگرانی میں انجام دیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد اس عمارت کو استنبول کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کے ایک حصے کے طور پر دوبارہ شہر کی شناخت میں شامل کرنا ہے۔
یہ مسجد صدیوں تک عبادت گاہ کے طور پر استعمال ہوتی رہی اور عثمانی محل کے گردونواح میں روزمرہ زندگی کا ایک حصہ تھی۔ اس کی تاریخ استنبول کے تاریخی منظرنامے میں گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران رونما ہونے والی تبدیلیوں کی بھی عکاسی کرتی ہے۔
1956ء سے 1960ء کے درمیان نافذ کیے گئے شہری ترقیاتی منصوبوں نے سرائے بورنو کی ساحلی پٹی اور شہری ساخت کو تبدیل کر دیا۔ ان منصوبوں نے نہ صرف علاقے کے ذرائع آمدورفت کے نظام بلکہ اس کی تاریخی شناخت کو بھی ہمیشہ کے لیے بدل دیا۔
تحقیقی مطالعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ مسجد بھی ان تاریخی عمارتوں میں شامل تھی جو اس دور میں ساحلی پٹی سے غائب ہوگئیں۔ ان عمارتوں کے سابقہ مقامات کی شناخت اب تاریخی تصاویر کی مدد سے کی گئی ہے۔
فاتح ضلع کے میئر محمد ارگون توران نے خبر رساں ادارے اناطولیہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مسجد «بوستانجیلار تابخانسی» استنبول کی واحد مسجد تھی جو شہر کی ساحلی فصیل کے بالکل باہر واقع تھی۔
انہوں نے کہا: ’’جب آپ اسکودار کی جانب سے یا سمندر کے راستے اس طرف آتے تھے تو سب سے پہلے اسی مسجد کا مینار دکھائی دیتا تھا۔ تاہم، 1930ء کی دہائی سے یہ عمارت خستہ حالی کا شکار ہونے لگی۔ 1940ء کی دہائی میں اس کا مینار منہدم کر دیا گیا اور 1950ء اور 1960ء کی دہائیوں میں ساحلی سڑک کی تعمیر کے ساتھ ہی مسجد مکمل طور پر ختم ہوگئی۔‘‘
توران نے مزید کہا: ’’آج ہمیں بے حد خوشی ہے کہ تقریباً 100 سال گزرنے کے بعد ہم اس مسجد کو دوبارہ استنبول کے شہری منظرنامے کا حصہ بنا رہے ہیں۔ ہمارے پاس مختلف دستاویزات میں اس مسجد کی تصاویر موجود ہیں، نقشوں پر اس کے مقام کی نشاندہی کی گئی ہے اور یہ قدیم تصاویر میں بھی دکھائی دیتی ہے۔‘‘
اپنے آباؤ اجداد کے تمام تاریخی آثار کو دوبارہ زندہ کرنے کے مقصد کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’’ہم جن مساجد کی مرمت کرتے ہیں، ان میں سے کسی کی تعمیر یا بحالی کے لیے سرکاری فنڈز استعمال نہیں کرتے، بلکہ ان کے اخراجات مخیر حضرات فراہم کرتے ہیں۔ اب تک ہم آٹھ مساجد کی بحالی مکمل کر چکے ہیں اور اس وقت اسی نوعیت کی مزید 10 مساجد کی مرمت کا کام جاری ہے۔/
4385163