ایکنا: انڈونیشیاء نے چھوٹے اور انتہائی چھوٹے کاروباروں کی بعض مصنوعات کے لیے لازمی حلال سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی آخری تاریخ 2028ء تک مؤخر کر دی ہے۔
ایکنا نیوز- ایس ایم ای (SME) نیوز کے مطابق انڈونیشیا نے چھوٹے اور انتہائی چھوٹے کاروباروں کی بعض مصنوعات کے لیے لازمی حلال سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی مہلت 2028ء تک بڑھا دی ہے، تاکہ کاروباری اداروں کو متعلقہ قوانین پر عمل درآمد کے لیے مزید وقت مل سکے۔
انڈونیشیا کے وزیر برائے انتہائی چھوٹے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (MSME)، مامان عبدالرحمن نے بتایا کہ صدر پرابووو سوبیانتو نے اس عمل کو مؤخر کرنے کی ہدایت اس وقت دی جب حکومت کو معلوم ہوا کہ بہت سے چھوٹے کاروبار ابھی تک مقررہ تقاضے پورے کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ لازمی حلال سرٹیفکیٹ کا اجرا صدر پرابووو کی حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی کوئی نئی پالیسی نہیں، بلکہ یہ حلال مصنوعات کی ضمانت سے متعلق اس قانون کا تقاضا ہے جو 2014ء میں منظور کیا گیا تھا۔
عبدالرحمن نے اعتراف کیا کہ حلال سرٹیفکیٹ کے اجرا کا دائرہ اب بھی حکومت کے مقرر کردہ ہدف سے کم ہے۔ ان کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق، کاروباری اداروں کے لیے مجموعی طور پر 44 لاکھ 32 ہزار 39 حلال سرٹیفکیٹ جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ تقریباً 1 کروڑ 60 لاکھ مصنوعات کو حلال سرٹیفکیٹ مل چکا ہے۔
انڈونیشیا کی حکومت نے یہ فیصلہ اس خدشے کے پیشِ نظر کیا ہے کہ حلال سرٹیفکیٹ کی لازمی شرائط ملک کے لاکھوں چھوٹے کاروباروں پر اثر انداز ہو سکتی ہیں۔ ماہرینِ اقتصادیات نے ان شرائط پر عمل درآمد کے طریقۂ کار پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا استدلال ہے کہ شرائط پوری کرنے کے اخراجات اور انتظامی کارروائیاں محدود سرمایہ اور وسائل رکھنے والے کاروباروں کو غیر متناسب طور پر زیادہ متاثر کر سکتی ہیں۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ حلال سرٹیفکیٹ کے تقاضے مقرر کرتے وقت مصنوعات کی نوعیت اور خصوصیات کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ ان کے مطابق، مختلف اقسام کی مصنوعات پر یکساں طور پر سرٹیفکیٹ کی شرط عائد کرنے سے بعض چھوٹے کاروباروں پر غیر ضروری بوجھ پڑ سکتا ہے۔/
4385184