ایکنا: گلاستر سے تعلق رکھنے والے ایک فلم ساز نے ایک دستاویزی فلم تیار کی ہے، جس میں اس شہر کی مسلم کمیونٹی کی تاریخ اور اس کے تجربات کو پیش کیا گیا ہے۔
ایکنا نیوز- ویب سائٹ AOL کے مطابق محمد حسین جعفر، جو 1977ء سے انگلینڈ کے شہر گلاستر میں مقیم ہیں، نے اپنی نئی دستاویزی فلم ’’گلاستر میں عید‘‘ کی منصوبہ بندی، فلم بندی اور تدوین پر کئی ماہ صرف کیے ہیں۔
اس دستاویزی فلم کی تیاری کا مقصد صرف عید کی تقریبات کے ماحول کو محفوظ کرنا نہیں، بلکہ ان مسلمانوں کی کہانیاں، تاریخ اور تجربات بیان کرنا بھی ہے جنہوں نے گلاستر کو اپنا گھر بنایا ہے۔
جعفر کا کہنا ہے کہ اس دستاویزی فلم کے ذریعے وہ گلاستر میں مسلمانوں کی آمد سے لے کر اب تک ان کی کمیونٹی کی ترقی کو پیش کرنا چاہتے تھے۔
یہ فلم اب یوٹیوب پر مفت دستیاب ہے اور اس میں پہلی نسل کے مسلمانوں سے لے کر آج تک کی یادوں کو محفوظ کیا گیا ہے۔
اس دستاویزی فلم میں شامل زلیخا کادودیا، جو 1969ء سے اس شہر میں مقیم ہیں، ماضی میں عید منانے کے طریقوں کے بارے میں بتاتی ہیں:
’’ابتدائی دنوں میں گلاستر میں کوئی مسجد نہیں تھی۔ مسلمانوں کی پہلی نسل چھوٹے چھوٹے کرائے کے مکانوں میں روزانہ نمازیں ادا کرتی تھی۔ ائمہ ان جگہوں پر نماز پڑھاتے تھے اور عید گھروں میں، اہلِ خانہ کے ساتھ، سادگی سے منائی جاتی تھی۔ یہ اس زمانے میں مسلم کمیونٹی کے محدود حجم کی عکاسی کرتا تھا۔‘‘
گلاستر میں ایک فلاحی ادارے کے سربراہ ہاشم نورات کہتے ہیں کہ ان کے والد اس شہر میں پہلی نمازگاہ قائم کرنے کے ذمہ دار تھے۔ ان کے والد مسلمانوں کی پہلی نسل سے تعلق رکھتے تھے اور 1960ء کی دہائی کے اوائل سے وسط کے عرصے میں گلاستر آئے تھے۔
نورات کہتے ہیں:
’’بچپن میں عید ہمیشہ ہمارے لیے بہت خاص ہوتی تھی۔ صبح بیدار ہونا اور گھر میں عود اور مصالحوں کی خوشبو محسوس کرنا ہمیں بتا دیتا تھا کہ عید کا دن ہے۔ عید کی ایک اور خوبصورتی یہ تھی کہ خاندان کے تمام افراد اور دور و نزدیک کے رشتہ دار ایک جگہ جمع ہوتے تھے۔ بچوں اور پوتے پوتیوں کی موجودگی اس دن کو جادوئی بنا دیتی تھی۔‘‘
ہاشم نورات کے والد نے اپنے گھر کے تہہ خانے کو نمازگاہ میں تبدیل کر دیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ شہر کی پہلی نمازگاہ تھی۔
نورات یاد کرتے ہیں کہ ان کے والد کی زندگی کے آخری لمحات میں بہت سے دینی علما ان کے پاس موجود تھے، جنہیں ان کے والد نے برسوں کے دوران تعلیم دی تھی۔ وہ ایک کے بعد ایک ان کے کان میں نماز اور دعائیں پڑھ رہے تھے۔
گلاستر میں مسلم آبادی بڑھنے اور ایک مستقل عبادت گاہ کی ضرورت محسوس ہونے کے بعد، عوامی چندے کے ذریعے 1983ء میں رائی کرافٹ (Ryecroft) اسٹریٹ پر شہر کی پہلی باقاعدہ مسجد تعمیر کی گئی۔
1960ء کی دہائی میں عید کی ابتدائی نمازوں میں سے ایک گلاستر پارک میں ادا کی گئی تھی، اور یہ روایت آج بھی جاری ہے۔/
4385422