منشاوی کی تلاوتیں؛ عراقی خطاط کے لیے سرچشمۂ الہام

IQNA

12:46 - October 29, 2026
خبر کا کوڈ: 3520945

منشاوی کی تلاوتیں؛ عراقی خطاط کے لیے سرچشمۂ الہام

ایکنا: عراقی خطاط احمد سعید، مصر کے معروف قاری شیخ محمد صدیق منشاوی کی تلاوتوں سے بے حد متاثر ہیں۔ ان کی یہ تلاوتیں متعدد مساجد میں ان کے فن پاروں کی تخلیق کے لیے سرچشمۂ الہام بنی ہیں۔

1

ایکنا نیوز- ویب سائٹ عراقی نیوز کے مطابق عراقی خطاط احمد سعید، شیخ محمد صدیق المنشاوی کی خشوع و معنویت سے بھرپور تلاوتوں میں اس قدر محو رہتے ہیں کہ روزانہ کئی گھنٹے انہیں سنتے ہیں۔ یہی تلاوتیں ان کے خوبصورت فن پاروں کی تخلیق کا ذریعہ بنتی ہیں، جن میں روحانیت اور ایمان کی جھلک نمایاں ہے۔

انہیں خطِ ثلث سے گہری محبت ہے اور ان کا عقیدہ ہے:

’’جو شخص خطِ ثلث پر عبور حاصل نہیں کر سکتا، وہ خطاط کہلانے کا مستحق نہیں ہے۔‘‘

یہ فنکار 1957ء میں شہر سلیمانیہ میں پیدا ہوئے۔ عربی خطاطی سے ان کا تعلق بچپن ہی سے قائم ہو گیا تھا، جب وہ اپنے خوبصورت خط کی وجہ سے اپنے اردگرد کے لوگوں میں پہچانے جاتے تھے۔

اپنی خداداد صلاحیت کو نکھارنے کے شوق میں وہ سلیمانیہ کے ممتاز خطاط محسن السید ثمین (1921ء–1977ء) کی دکان کے سامنے اپنا وقت گزارتے تھے۔ وہ نہایت غور سے ان کے ہاتھوں کی حرکات دیکھتے، جب وہ فن پارے اور خطاطی کی تختیاں تخلیق کرتے تھے۔

بعد ازاں، اس فن کے اصول و قواعد پر عبور حاصل کرنے کے لیے انہوں نے معروف خطاط ہاشم محمد البغدادی، جو ’’ہاشم خطاط‘‘ (1921ء–1973ء) کے نام سے مشہور تھے، کے تربیتی رسائل سے استفادہ کیا۔

قدرت کی طرف سے ایک موقع پر، اپنے چچا زاد بھائی اور دوست رفیق صالح کے توسط سے وہ نجف شہر کے ایک فنونِ لطیفہ کے ادارے میں منتقل ہوئے، جہاں ان کی ملاقات اس ادارے کے خطاطی کے استاد جاسم حمود النجفی سے ہوئی۔

احمد سعید اس حوالے سے کہتے ہیں:

’’مجھے اپنے دوست رفیق صالح کے ذریعے استاد جاسم النجفی کے کام کا مشاہدہ کرنے اور ان کی رہنمائی سے بہت زیادہ فائدہ حاصل ہوا۔‘‘

وہ مزید کہتے ہیں کہ استاد النجفی نے انہیں عربی خطاطی کے متعدد مآخذ فراہم کیے، جن سے ان کی فنی مہارتوں کو مزید تقویت ملی۔

احمد سعید کی مہارت میں اضافے کے ساتھ ساتھ انہوں نے اس فن کے بنیادی اصولوں اور قواعد پر بھی عبور حاصل کیا، بالخصوص خطِ ثلث، خطِ نسخ، خطِ دیوانی اور خطِ رقعہ میں۔

وہ خاص طور پر خطِ ثلث میں نمایاں مہارت رکھتے تھے۔ یہ خط اپنے سخت قواعد اور دقیق تناسبات کی وجہ سے اسلامی عربی خطاطی کے دشوار ترین خطوط میں شمار ہوتا ہے۔

خطِ ثلث اپنی لچک، مضبوط ساخت اور حروف و الفاظ کی ترکیب میں تخلیقی صلاحیت اور غیر معمولی مہارت کی ضرورت کے حوالے سے بھی معروف ہے۔ اس کی ایک قسم ’’ثلثِ جلی‘‘ کہلاتی ہے، جو موٹے قلم سے لکھا جانے والا خطِ ثلث ہے۔ یہ خطاط کو دائرہ نما اشکال اور پیچیدہ ترکیبیں تخلیق کرنے میں زیادہ آزادی فراہم کرتا ہے۔

یہ اسلوب عموماً بڑی خطاطی کی تختیوں، عمارتوں پر کندہ تحریروں، کتابتِ قرآن اور مساجد و مذہبی مقامات کی آرائش میں استعمال ہوتا ہے۔

احمد سعید احمد کی فنی صلاحیتیں بتدریج نکھرتی گئیں، جس کے نتیجے میں انہیں سلیمانیہ اور اس سے باہر متعدد نمائشوں میں شرکت کے مواقع ملے۔

انہوں نے پہلی مرتبہ 1983ء میں تین دیگر خطاطوں کے ہمراہ اپنی تخلیقات پیش کیں۔ اس نمائش کو اس وقت ذرائع ابلاغ کی جانب سے مثبت ردِعمل ملا۔ اس کے بعد انہوں نے متعدد دیگر فنّی نمائشوں اور تقریبات میں بھی شرکت کی۔/

 

4385481

نظرات بینندگان
captcha