ایکنا: مسلم اکثریتی علاقے بانگسامورو کے پہلے وزیراعلیٰ نے علاقائی پارلیمان میں اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
ایکنا نیوز- عرب نیوز کے حوالے سے خبر دی گئی ہے کہ مینداناؤ میں واقع خودمختار علاقے بانگسامورو کی پارلیمان کا پہلا اجلاس جمعہ کے روز کوتاباتو شہر میں منعقد ہوا۔ یہ پیش رفت 14 ستمبر کو اس علاقے میں ہونے والے پہلے انتخابات کے بعد سامنے آئی ہے، جن میں 84 فیصد سے زائد ووٹرز نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا تھا۔
بانگسامورو کی 80 رکنی پارلیمان، جس کی مدت پانچ سال ہوگی، نے جمعہ کے اجلاس میں اپنے سربراہِ حکومت کا انتخاب کیا اور عبدالرؤف ماکاکوا کو علاقے کا وزیراعلیٰ منتخب کرلیا۔ انہوں نے مراد ابراہیم کے مقابلے میں 51 ووٹ حاصل کیے، جبکہ مراد ابراہیم کو 27 ووٹ ملے۔ ایک رکن نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا، جبکہ ایک رکن غیر حاضر تھا۔
وزیراعلیٰ کی حیثیت سے اپنے پہلے خطاب میں ماکاکوا نے کہا: ایک مضبوط بانگسامورو کی تعمیر کے لیے مشترکہ آرزوؤں سے بڑھ کر باہمی اعتماد، ایک دوسرے کو سمجھنے اور شانہ بشانہ آگے بڑھنے کے عزم کی ضرورت ہے۔ اس نئے دور کے آغاز پر مجھے احساس ہے کہ اعتماد کی بحالی میں وقت لگے گا، اختلافات اور دوریوں کو ختم کرنے کے لیے مکالمے کی ضرورت ہوگی، جبکہ تنازعات کے حل کے لیے فکری پختگی اور باہمی احترام ناگزیر ہیں۔
انہوں نے ایسے ماحول کی تشکیل کے عزم پر بھی زور دیا جہاں تمام آوازوں اور خدشات کو سنا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافات کو تقسیم کا سبب بنانے کے بجائے ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع بنانا چاہیے۔
69 سالہ ماکاکوا اس سے قبل بانگسامورو کے عبوری ادارے کے رکن رہ چکے ہیں۔ وہ سامی گامبار کے نام سے بھی معروف ہیں اور ’’مورو اسلامک لبریشن فرنٹ‘‘ (MILF) کے سینئر رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ اس تنظیم کے عسکری ونگ کے چیف آف اسٹاف کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
مارچ 2025ء میں فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے انہیں عبوری وزیراعلیٰ مقرر کیا تھا۔
بانگسامورو کا علاقہ 2014ء تک کئی دہائیوں پر محیط علیحدگی پسند تحریکوں کا مرکز رہا۔ اسی سال فلپائن کی حکومت نے ’’مورو اسلامک لبریشن فرنٹ‘‘ (MILF) کے ساتھ مستقل جنگ بندی کا معاہدہ کیا، جس نے اس علاقے میں امن اور خودمختاری کی راہ ہموار کی۔
یہ علاقہ فلپائن میں مسلمانوں کی سب سے بڑی آبادی کا مسکن ہے، جبکہ فلپائن کی مجموعی آبادی کی اکثریت رومن کیتھولک مسیحیوں پر مشتمل ہے۔/
4385931