قطر میں شیخ جاسم قومی حفظ مقابلوں کا آغاز

IQNA

6:47 - November 02, 2026
خبر کا کوڈ: 3520959

قطر میں شیخ جاسم قومی حفظ مقابلوں کا آغاز

ایکنا: وزارت اوقاف و اسلامی امور کے زیر اہتمام قرآن کریم حفظ کے 31ویں سالانہ مقابلے «شیخ جاسم بن محمد بن ثانی» کا آغاز ہوگیا۔

1

ایکنا نیوز- قطر کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ان مقابلوں کا آغاز گزشتہ روز کو قطری شہریوں (مرد و خواتین) کے لیے مخصوص قرآنی مقابلوں کے ساتھ ہوا۔ اس مرحلے میں مجموعی طور پر 1,073 شرکاء قرآن کریم کے حفظ کے پانچ مختلف درجات میں ایک دوسرے سے مقابلہ کر رہے ہیں۔

مقابلوں کے ابتدائی مراحل چار روز تک جاری رہیں گے اور منگل تک مکمل ہوں گے۔ شرکاء مقررہ شیڈول کے مطابق امتحانی نشستوں میں شرکت کریں گے۔ مردوں کے امتحانات شام کے اوقات میں مسجد امام محمد بن عبدالوہاب میں منعقد ہوں گے، جبکہ خواتین کے امتحانات صبح اور شام کے اوقات میں علاقے الوعب میں واقع مرکزِ سرگرمیاں برائے خواتین (ادارہ دعوت و ارشاد دینی کے زیر انتظام) میں لیے جائیں گے۔

ان مقابلوں میں رجسٹرڈ شرکاء میں 619 خواتین اور 454 مرد شامل ہیں۔ یہ مقابلے حفظ قرآن کے پانچ درجات میں منعقد کیے جا رہے ہیں، جن میں شرکاء کے لیے بالترتیب قرآن کریم کے 5، 10، 15، 20 یا 25 پارے حفظ ہونا ضروری ہیں۔ اس نظام کے تحت ہر شریک اپنے حفظ کی استعداد کے مطابق مناسب درجے میں مقابلہ کرسکتا ہے اور آئندہ برسوں میں اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا کر اعلیٰ درجے میں شرکت کرسکتا ہے۔

مقابلہ قرآن شیخ جاسم کی کمیٹی کے نائب سربراہ شیخ عبدالرحمن بن عبدالعزیز آل ثانی نے کہا کہ یہ مقابلے قرآنی حافظوں کی تربیت اور قطری نوجوانوں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لیے ایک قومی پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان مقابلوں کا مقصد شرکاء کے لیے ایک ایسا حوصلہ افزا ماحول پیدا کرنا ہے جس میں وہ اپنے حفظ کی صلاحیتوں کو بہتر بنائیں اور بالآخر پورا قرآن کریم حفظ کرنے کی منزل حاصل کرسکیں۔

شیخ عبدالرحمن نے مزید کہا کہ مقابلوں کے ضوابط شرکاء کو اعلیٰ درجات تک پہنچنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ ان مقابلوں کے ذریعے اب تک متعدد ممتاز حفاظ تیار کیے جاچکے ہیں، جن میں سے بعض نے ترقی کرتے ہوئے اب حفظِ کل قرآن کریم کے درجے میں مقابلہ کرنا شروع کردیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان حفاظ میں سے بعض بین الاقوامی قرآنی محافل میں قطر کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں۔ اسی طرح ان مقابلوں نے ملک کی مساجد میں امامت کی ذمہ داریاں انجام دینے کے لیے بھی قومی قرآنی صلاحیتوں کو تیار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

قطری عہدیدار نے مزید بتایا کہ ان مقابلوں کی نگرانی کے لیے 16 منصفین پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، جنہیں مرد اور خواتین شرکاء کے درمیان مساوی طور پر تقسیم کیا گیا ہے۔ تمام منصفین قطری شہری ہیں۔ یہ امر ملک کے اندر مقامی قرآنی صلاحیتوں اور تربیت یافتہ ماہرین کے بنیادی کردار کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ مقابلے قطر کی وزارت اوقاف کی جانب سے قرآنی ثقافت کے فروغ اور قرآنی صلاحیتوں کی پرورش کے لیے جاری وسیع تر کوششوں کا بھی حصہ ہیں، جو وزارت کے اسٹریٹجک منصوبے 2025ء تا 2030ء اور قطر کے قومی وژن 2030ء کے تحت انجام دی جا رہی ہیں۔/

 

4386210

نظرات بینندگان
captcha