ایکنا: سویڈش عدالت نے دائیں بازو کے انتہا پسند «جید سندبرگ» کو قرآن کریم کی توہین اور نفرت انگیز جرم کے ارتکاب پر مجرم قرار دیتے ہوئے سزا سنائی ہے۔
ایکنا نیوز- القدس العربی نیوز کے مطابق یہ فیصلہ 2024ء میں سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں قرآن کریم کے خلاف اس کے توہین آمیز اقدام کے سلسلے میں سنایا گیا۔
گزشتہ جمعہ، تیس اکتوبر کو اسٹاک ہوم کی ضلعی عدالت نے 50 سالہ جید سندبرگ کو معطل شدہ قید کی سزا سنائی اور 3 ہزار سویڈش کرونا (تقریباً 275 یورو) جرمانہ عائد کیا۔
عدالت نے اسے مزید حکم دیا کہ وہ 1 ہزار کرونا جرائم کے متاثرین کی امدادی فنڈ میں اور 17 ہزار کرونا (تقریباً 1500 یورو) سرکاری وکیل کی خدمات اور دفاعی اخراجات کی مد میں حکومت کو ادا کرے۔
تاہم عدالت نے جید سندبرگ کو ایک دوسرے الزام سے بری کردیا، جس کا تعلق اسٹاک ہوم کی ایک مسجد کے سامنے اشتعال انگیز مظاہرے کے دوران اس کے اس بیان سے تھا کہ ’’ہم مسلمانوں کو اپنی سڑکوں پر نہیں چاہتے۔‘‘
جید سندبرگ نے 24 اگست 2024ء کو سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کے علاقے اودن پلان (Odenplan) کے ایک چوک میں قرآن کریم کے ایک نسخے کو نذرِ آتش کیا اور اس پر لاتیں بھی ماریں۔
اس نے اس واقعے کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے براہِ راست نشر بھی کیا، جس کے نتیجے میں اس کے خلاف باضابطہ شکایات درج کرائی گئیں۔
اسی طرح اسٹاک ہوم میں مقیم عراقی نژاد سلوان نجم نے بھی جید سندبرگ کے ہمراہ سویڈش پارلیمنٹ کے سامنے قرآن کریم کے ایک نسخے کو نذرِ آتش کرنے سے قبل مذہبی لباس پہن کر ایک نمائشی مظاہرہ کیا تھا۔
جاری ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا کہ یہ دونوں افراد ہاتھوں میں لاؤڈ اسپیکر لیے اسلام مخالف اور اشتعال انگیز بیانات دے رہے تھے۔/
4386227