ایکنا: شام کے دارالحکومت دمشق کی تاریخی مسجد تکیہ سلیمانیہ 15 سال کی بندش کے بعد دوبارہ نمازیوں اور عوام کے لیے کھول دی گئی۔
ایکنا نیوز- شام کی خبر رساں ایجنسی (سانا) کے حوالے سے خبر دی گئی ہے کہ مسجد تکیہ سلیمانیہ دمشق میں مرمت اور بحالی کا کام مکمل ہونے کے بعد گزشتہ روز شام کے وزیر اوقاف محمد ابوالخیر شکری کے ہاتھوں دوبارہ افتتاح کی گئی۔
افتتاحی تقریب میں وزرائے خزانہ، ثقافت اور سیاحت، گورنر دمشق اور دیگر سرکاری حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر اوقاف محمد ابوالخیر شکری نے خطاب کرتے ہوئے کہا: آج ہم نے محض ایک مسجد کا افتتاح نہیں کیا بلکہ ایک ایسی ثقافتی علامت اور تعلیمی و سماجی عمارت کو دوبارہ کھولا ہے جس پر پورا خطہ شام فخر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دمشق کے اسلامی اوقاف تقریباً 500 سال پرانی سماجی یکجہتی، ضرورت مندوں کو کھانا فراہم کرنے اور زائرین کے قافلوں کی دیکھ بھال کی زندہ تاریخ ہیں۔
شکری نے اس بات پر زور دیا کہ مساجد کو دوبارہ فعال بنانا، ان کے تعلیمی اور تبلیغی مشن کو برقرار رکھنا اور ان کے انتظام و انصرام کے لیے ذمہ دار افراد کی تربیت کرنا وزارت اوقاف کے فرائض کا لازمی حصہ ہے۔
شام کے وزیر ثقافت محمد یاسین الصالح نے بھی مسجد تکیہ سلیمانیہ کے افتتاح کو دمشق اور شام کے تاریخی مقامات کی بحالی اور ان میں دوبارہ رونق پیدا کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے اس عمارت کو ایک تاریخی اور ثقافتی یادگار قرار دیا جو شامی عوام کی اجتماعی یادداشت کی عکاسی کرتی ہے۔
الصالح نے مزید کہا کہ قومی شناخت اور تاریخی ورثے کا تحفظ ایک قومی ذمہ داری ہے، جس کے لیے ملک کے تمام صوبوں میں مختلف اداروں کی مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔
مسجد تکیہ سلیمانیہ کا تاریخی پس منظر
مسجد تکیہ سلیمانیہ سولہویں صدی عیسوی میں سلطنت عثمانیہ کے دورِ حکومت میں سلطان سلیمان قانونی (سلیمان اعظم) کے عہد میں تعمیر کی گئی تھی۔ اس کا نقشہ عثمانی سلطنت کے مشہور معمار معمار سنان نے تیار کیا تھا۔
اس تاریخی عمارت کے مجموعے میں مسجد، مدرسہ، زائرین کے قیام کے لیے مہمان خانہ اور ایک فلاحی باورچی خانہ شامل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ مرمت اور بحالی کے کام سے قبل یہ تاریخی مسجد گزشتہ 15 سال سے بند تھی۔/
4386179