یورپ میں حلال سرٹیفکیٹ کے اجراء کے تقاضوں کا جائزہ

IQNA

7:03 - November 02, 2026
خبر کا کوڈ: 3520962

یورپ میں حلال سرٹیفکیٹ کے اجراء کے تقاضوں کا جائزہ

ایکنا: چار یورپی ملکوں کے مذبح خانوں کے حکام نے پیرس کی جامع مسجد میں اجلاس منعقد کیا، جس میں حلال سرٹیفکیٹ کے اجراء اور اس کے تقاضوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

1

ایکنا نیوز- پیرس کی جامع مسجد کے حوالے سے خبر دی گئی ہے کہ یورپ میں حلال مصنوعات کی مارکیٹ کے فروغ کے ساتھ ذبح کے مراحل میں شرعی اصولوں اور متعلقہ ملکی قوانین کی پابندی کی اہمیت بھی بڑھ گئی ہے۔ اس پابندی سے حلال سرٹیفکیٹس کی ساکھ میں اضافہ ہوتا ہے، مسلمان صارفین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنتا ہے اور یورپ کے مختلف ممالک میں ان تقاضوں کی نگرانی کے حوالے سے اسلامی اداروں کا کردار مزید نمایاں ہوتا ہے۔

پیرس کی جامع مسجد کے سربراہ شمس الدین حافظ کی دعوت پر منعقدہ اس اجلاس میں یورپ کے چار ممالک، اسپین، اٹلی، پولینڈ اور رومانیہ کے مذبح خانوں کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں مسجد کے حلال سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے شعبے کے نمائندے بھی موجود تھے۔

یورپ بھر میں حلال سرٹیفکیٹ کے اجراء کی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کے سلسلے میں منعقدہ اس اجلاس میں حلال سرٹیفکیشن کے لیے ضروری معیارات اور شرائط کا جائزہ لیا گیا اور شرعی اصولوں کے ساتھ متعلقہ ملکی قوانین کی پابندی پر زور دیا گیا۔

یہ اجلاس جنوری میں حلال سرٹیفکیشن کے نئے ضابطہ کار پر عمل درآمد کی تیاری کے سلسلے میں منعقد ہوا، جس کا بنیادی مقصد مسلمان صارفین کے مفادات کا تحفظ اور شرعی و قانونی تقاضوں کی پابندی کو یقینی بنانا ہے۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ذبح سے متعلق اسلامی احکام کے ساتھ ساتھ یورپی ممالک میں نافذ العمل قوانین کا احترام بھی ضروری ہے، کیونکہ یہ دونوں امور جامع مسجد پیرس کی نگرانی میں جاری ہونے والے حلال سرٹیفکیشن نظام کے بنیادی تقاضوں میں شامل ہیں۔

اجلاس کے شرکاء نے یورپ میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے ساتھ ساتھ حلال سرٹیفکیشن کے تقاضوں کی نگرانی، مسلمان صارفین کے مفادات کے تحفظ اور اسلامی احکام و متعلقہ قوانین کی پابندی کو فروغ دینے میں پیرس کی جامع مسجد کے کردار کو سراہا۔/

 

4386249

نظرات بینندگان
captcha