ایکنا: برطانوی پولیس نے گزشتہ روز لندن میں فلسطین ایکشن (Palestine Action) تحریک کے درجنوں حامیوں کو گرفتار کرلیا۔
ایکنا نیوز- عربی 21 نیوز کے مطابق مظاہرین نے فلسطین ایکشن تحریک سے اپنی حمایت کا اظہار کرنے کے لیے لندن کے علاقے نائن ایلمز (Nine Elms) میں واقع امریکی سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین زمین پر بیٹھ گئے اور ایسے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر تحریر تھا: میں نسل کشی کے خلاف ہوں، فلسطین ایکشن کی حمایت کرتا ہوں۔
لندن پولیس نے اعلان کیا کہ اس احتجاج کے دوران 48 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اس احتجاج کا اہتمام کرنے والی تنظیم ’’اپنی جیوری کا دفاع کرو‘‘ (Defend Our Juries) نے اپنے فیس بک پیج پر ایک بیان میں کہا کہ بعض مظاہرین کو خالی پلے کارڈز رکھنے کے جرم میں بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ پولیس نے اس احتجاج میں لائی گئی گاڑیاں بھی ضبط کرلیں۔
فلسطین ایکشن تحریک اسرائیلی قابض حکام کے ساتھ کاروباری تعلقات رکھنے والی کمپنیوں کے خلاف احتجاجی سرگرمیاں منظم کرنے کے حوالے سے معروف ہے۔
جون 2025ء میں اس تحریک کے کارکنوں نے برطانوی شاہی فضائیہ کے ایک اڈے پر کارروائی کی تھی۔ اس دوران کارکنوں نے تاریں کاٹ کر اڈے میں داخل ہونے کے بعد فوجی طیاروں کے انجنوں پر سرخ رنگ چھڑکا اور فلسطین کا پرچم لہرایا تھا۔
اس واقعے کے بعد برطانیہ کی اس وقت کی وزیر داخلہ ایویٹ کوپر نے اس تحریک کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے کے اقدامات شروع کیے، جس کا باضابطہ اعلان جولائی 2025ء میں کیا گیا تھا۔
تاہم، 13 فروری کو برطانیہ کی ہائی کورٹ نے فیصلہ سنایا کہ فلسطین ایکشن تحریک پر پابندی عائد کرنے کا وزارت داخلہ کا فیصلہ غیر قانونی تھا، چنانچہ عدالت نے یہ پابندی ختم کرنے کا حکم دیا۔
اس کے باوجود پولیس نے زور دیا کہ وہ اس تحریک کے حامیوں کی گرفتاریاں جاری رکھے گی، کیونکہ حکومت کو عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا قانونی حق حاصل ہے۔/
4386163