ایکنا: آستانِہ مقدس عباسی کے علمی و قرآنی کمپلیکس نے صوبہ کربلاء کی مساجد اور امام بارگاہوں میں قرآن کریم میں تدبر کے سلسلے وار دروس کا اہتمام کیا ہے۔
ایکنا نیوز- الکفیل نیوز کے مطابق یہ دروس ’’لِیَدَّبَّرُوا آیاتِہٖ‘‘ (تاکہ وہ اس کی آیات میں تدبر کریں) کے عنوان سے جاری منصوبے کے تحت منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ان کا مرکزی موضوع قرآن کریم کی آیات میں تدبر ہے، جبکہ ان کا اہتمام آستانِ مقدس عباسی کے علمی مجمعِ قرآن سے وابستہ مرکزِ قرآن کربلا کی نگرانی میں کیا جا رہا ہے۔
اس منصوبے کے ذمہ دار شیخ علی الرویعی نے بتایا کہ مرکز نے کربلا کے مختلف مقامات پر واقع مساجد میں ان دروس کا انعقاد کیا ہے، جن میں العباس کے علاقے میں جامع مسجد ’’بر الوالدین‘‘، محلہ العامل میں جامع مسجد امام علیؑ، ’’حی النقیب‘‘ مسجد، باب السلامہ کے قریب ’’غریب طوس‘‘ مسجد، البوبیات کے علاقے میں حسینیہ ’’زہیر بن قین‘‘ اور مقامِ امام مہدیؑ شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے میں قرآن کریم کی تلاوت اور اس میں تدبر پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ اس کے تحت قرآنی اور فکری موضوعات پر مشتمل ایسا مواد پیش کیا جا رہا ہے جس میں ثقلین، یعنی قرآن اور اہل بیتؑ کے باہمی تعلق پر بھی زور دیا گیا ہے۔
الرویعی نے بیان کیا کہ ان مباحث کے ذریعے شرکاء کے ذہنوں میں اسلامی تعلیمات کے قیمتی معارف کو فروغ دینے اور انہیں مستحکم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے علاوہ ان دروس میں قرآن کریم کی آیات میں موجود تربیتی و اخلاقی اقدار، اعتقادی مفاہیم اور دیگر فکری پہلوؤں کی وضاحت بھی کی جاتی ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اس منصوبے کا مقصد قرآن کریم کی درست تلاوت کی تعلیم دینے کے بعد اس کی آیات میں تدبر کی ثقافت کو معاشرے میں راسخ کرنا اور ان آیات میں پوشیدہ اقدار اور مفاہیم کو سمجھنے کا شعور پیدا کرنا ہے۔ اس سلسلے میں کربلا کے مختلف علاقوں اور محلوں کی متعدد مساجد اور حسینیات نے ان دروس کی میزبانی کی ہے۔/
4386440