ایکنا: ریڈیوموریطانیہ نے ایک پروقار تقریب میں ملک کے تیرہویں قومی مقابلۂ حفظ و قرأتِ قرآن کے 63 نمایاں کامیاب امیدواروں کو اعزازات سے نوازا۔
ایکنا نیوز- الوئام نیوز کے مطابق موریطانیہ میں حفظ و قرأتِ قرآن کے تیرہویں مقابلے کی تقسیمِ انعامات کی تقریب محمد ولد ببانہ، وزیر ثقافت، فنون، مواصلات و پارلیمانی امور اور حکومتی ترجمان کی نگرانی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے 63 حفاظ اور قراء کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
یہ تقریب موریطانیہ کے ریڈیو کے زیر اہتمام اور صدر محمد ولد شیخ الغزوانی کی سرپرستی میں منعقد ہوئی۔ مقابلے میں شریک ہونے والے 2,443 امیدواروں میں سے بہترین امیدواروں کا انتخاب کیا گیا تھا۔ ان تمام شرکاء کی کارکردگی کا جائزہ ملک بھر کے علاقائی اور مقامی ریڈیو اسٹیشنوں میں قائم جیوری کمیٹیوں نے لیا تھا۔
موریطانیہ کے وزیر ثقافت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقابلے ملک میں حفاظ اور قراء قرآن کی تکریم اور معاشرے میں قرآن کریم کے مقام کو مستحکم کرنے کے حوالے سے ایک قومی تقریب کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان مقابلوں کے دائرہ کار میں توسیع اور ان کے مختلف مراحل کو ڈیجیٹل بنانے سے شرکاء کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ مقابلوں کے انعقاد اور جانچ پڑتال کے طریقہ کار کو بھی مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔
ببانہ نے کہا کہ یہ مقابلے موریطانیہ کی ثقافتی اور دینی شناخت کے تحفظ کی کوششوں کا حصہ ہیں اور نئی نسل کو قرآن کریم حفظ کرنے اور علومِ قرآنی میں مہارت حاصل کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
اس موقع پر موریطانیہ ریڈیو کے ڈائریکٹر محمد عبدالقادر ولد اعلادہ نے بھی وضاحت کی کہ رواں سال مقابلے کے تمام مراحل، رجسٹریشن سے لے کر نتائج کے اعلان تک، ڈیجیٹل طریقے سے انجام دیے گئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال انعامات کی مالیت میں اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ خواتین کی بطور منصفین اور نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی امیدواروں کے طور پر شرکت کے مواقع بھی وسیع کیے گئے ہیں۔/
4386246