الازہر کے آن لائن قرآنی کورسز میں داخلوں کا آغاز

IQNA

9:16 - November 04, 2026
خبر کا کوڈ: 3520969

الازہر کے آن لائن قرآنی کورسز میں داخلوں کا آغاز

ایکنا: جامع مسجد الازہر نے اپنے بین الاقوامی پلیٹ فارم کے ذریعے آن لائن (مجازی) حفظِ قرآن کے کورسز کے لیے داخلوں کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔

1

ایکنا نیوز- مصراوی نیوز کے مطابق اس پروگرام کا مقصد مصر کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے بچوں اور بڑوں سمیت 5 ہزار قرآن سیکھنے والوں کو داخلہ دینا ہے۔

یہ کورسز مختلف عمر کے گروپس اور درخواست دہندگان کے حفظِ قرآن کے معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے متعدد تعلیمی درجات میں ترتیب دیے گئے ہیں۔

جامع مسجد الازہر نے اعلان کیا ہے کہ 5 سے 13 سال کی عمر کے بچوں کے لیے اس پروگرام میں حفظِ قرآن کے 10 درجات مختص کیے گئے ہیں۔ ہر بچے کو داخلے کے ابتدائی جائزے کے نتائج کی بنیاد پر مناسب درجے میں رکھا جائے گا۔

اسی طرح 14 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد بھی اس پروگرام میں داخلہ لے سکتے ہیں، جن کے لیے حفظِ قرآن کے 5 درجات مقرر کیے گئے ہیں۔ شرکاء کو ان کے تعلیمی معیار کے تعین کے لیے منعقدہ امتحان کے نتائج کی روشنی میں مناسب درجے میں تعلیم دی جائے گی۔

داخلوں کی مدت مکمل ہونے کے بعد درخواست دہندگان سے ان کے حفظِ قرآن کا معیار جانچنے کے لیے امتحان لیا جائے گا۔ ان امتحانات کا مقصد ہر قرآن سیکھنے والے کو اس کے محفوظات کی مقدار کے مطابق مناسب تعلیمی گروپ اور درجے میں شامل کرنا ہے۔

جامع مسجد الازہر کی انتظامیہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ درخواست دہندگان داخلہ فارم میں موجود لنک کے ذریعے اپنے لیے مختص واٹس ایپ گروپس میں لازماً شامل ہوں، تاکہ انہیں داخلے کے مراحل، امتحانات کے شیڈول اور تعلیمی گروپوں کی تشکیل سے متعلق تازہ ترین معلومات فراہم کی جا سکیں۔

مزید برآں، حفظِ قرآن کے حضوری اور آن لائن کورسز میں بیک وقت شرکت کی اجازت نہیں ہے۔ اگر یہ معلوم ہوا کہ کسی قرآن سیکھنے والے نے اس سے قبل حضوری حفظِ قرآن کی کلاسوں میں داخلہ لیا ہوا ہے تو اسے آن لائن پروگرام سے خارج کر دیا جائے گا۔

الازہر کے آن لائن حفظِ قرآن پروگرام میں شرکت کے خواہش مند افراد جامع مسجد الازہر کے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر دستیاب درخواست فارم مکمل کرکے درج ذیل لنک کے ذریعے اپنا اندراج کروا سکتے ہیں۔

 

 «https://service.azhar.eg/services/form»

 

4386723

نظرات بینندگان
captcha