پیرالمپک کوالیفائنگ: اسرائیلی تیراک کی ملائیشیا میں داخلے پر پابندی

IQNA

پیرالمپک کوالیفائنگ: اسرائیلی تیراک کی ملائیشیا میں داخلے پر پابندی

12:27 - January 13, 2019
خبر کا کوڈ: 3505613
بین الاقوامی گروپ-کوالیفائنگ مقابلوں میں شرکت کے لیے آنے والے اسرائیلی تیراک کے داخلے پر پابندی پر انٹرنیشنل پیرالمپک کمیٹی (آئی پی سی) نے مایوسی کا اظہار کر دیا۔

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملائیشیا کی مشرقی ریاست ساراواک کے شہر کوچنگ میں 24 جولائی سے 4 اگست تک پیرالمپک کوالیفائنگ مقابلے ہوں گے جہاں 70 ممالک سے سیکٹروں تیراک شریک ہوں گے۔

خیال رہے کہ ملائیشیا ان اسلامی ممالک میں شامل ہے جن کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں اور اسرائیلی پاسپورٹ پر ملک میں داخلے کی پابندی ہے۔

 

ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے واضح کیا کہ کوالالمپور کی جانب سے اسرائیل کے تیراک کو مقابلوں میں شرکت کے لیے ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔

سرکاری نیوزایجنسی بیرگاما کی رپورٹ کے مطابق مہاتیر محمد نے اپنے اصولی موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ ‘ہم لاتعلقی کے اپنے عزم پر کھڑے ہیں، اگر وہ آتے ہیں تو یہ خلاف ورزی ہوگی’۔

ملائیشیا کے وزیراعظم نے کہا کہ ‘اگر آئی پی سی ملائیشیا کی میزبانی کے حقوق کو واپس لینا چاہتی ہے تو وہ ایسا کرسکتی ہے’۔

دوسری جانب آئی پی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں مہاتیر محمد کے بیان پر ‘مایوسی’ ہوئی ہے تاہم اس مسئلے کا ‘حل تجویز’ کرلیا جائے گا۔

 

خیال رہے کہ ملائیشیا کے عوام کی اکثریت فلسطینیوں کی حمایت کرتی ہے اور دسمبر 2017 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یروشلم (بیت المقدس) کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے پر ہزاروں افراد نے احتجاج کیا تھا۔

ملائیشیا میں اس سے قبل 1997 میں کوالالمپور میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹرافی کے 22 ملکی ٹورنامنٹ میں اسرائیلی ٹیم کو شرکت کی اجازت دی گئی تھی حالانکہ اس معاملے پر پرتشدد احتجاج کیا گیا تھا۔

یہ کسی بھی اسرائیل کے کھیلوں کے وفد کا واحد دورہ ملائیشیا تھا۔

ملائیشیا نے ہمیشہ فلسطین کے دوطرفہ حل کی حمایت کی ہے جبکہ اسرائیل بیت المقدس سمیت مقدس مقامات سے مسلمانوں کو بے دخل کر رہا ہے اور اس معاملے پر اقوام متحدہ میں بھی قرار دادیں پاس کی گئی تھیں۔

نظرات بینندگان
captcha