ہوانا میں ہونے والے ناوابستہ تحريك كے چودہویں سربراہی اجلاس میں شريك رہنماؤں نے ايران كے ایٹمی مسئلے كے بارے میں جداگانہ بيان جاری كركے ايران كے ایٹمی مسئلے سے متعلق مسائل كےحل كی واحد راہ غير مشروط مذاكرات كو قرارديا ہے ۔ايك سو سولہ ممالك كے لیڈروں نےاس بيان میں ترقی و پيش رفت اورتحقيق كے لئے اور پرامن مقاصد كی غرض سے ایٹمی توانائی سے استفادے كے تمام ملكوں كے بنيادی اور مسلمہ حق پر زور ديا ہے ۔ناوابستہ ممالك كے بيان میں جہاں ايك طرف بين الاقوامی معاہدوں كے دائرے میں ایٹمی توانائی كے پرامن استفادے كی ضرورت پر زورديا گيا ہے تو دوسری طرف اين پی ٹی معاہدے پر صحيح اورغير امتيازی عمل درآمد كی ضرورت پر بھی تاكيد كی گئی ہے ۔كيونكہ اسلامی جمہوریۂ ايران نے ایٹمی توانائی كی بين الاقوامی ايجنسی آئی اے ای اے كی متعدد رپورٹوں كے مطابق آئی اے ای اے كے ساتھ بھر پور اور تعميری تعاون كيا ہے اور ايران كی پرامن ایٹمی سرگرميوں میں كسی طرح كی خلاف ورزی بھی نہیں ہوئی ہے لہذا ناوابستہ ممالك كے بيان میں ايران كے ایٹمی مسئلے كا جائزہ آئی اے ای اے كے ذريعے اين پی ٹی كے دائرے میں لئے جانے كی ضرورت پر زور ديا گيا ہے ۔بنابریں ايك سو سولہ ناوابستہ ممالك كا كہنا ہے كہ اس مسئلے كا جائزہ اقوام متحدہ كی سلامتی كونسل كے ذريعے لئے جانے كی كوئی ضرورت نہیں ہے ۔اسی وجہ سے ناوابستہ ممالك كے لیڈروں كے بيان میں آيا ہے كہ ناوابستہ ممالك اوران كے سربراہان كا تاكيد كے ساتھ یہ كہنا ہے كہ ايران كے ایٹمی معاملے سے متعلق تمام مسائل آئی اے ای اے كے دائرے میں حل ہونے چاہئیں ۔ناوابستہ تحريك كے ركن ممالك كی طرف سے ايران كی پرامن ایٹمی سرگرميوں كی حمايت سے وھائٹ ہاؤس كی دروغ گوئی ثابت ہوجاتی ہے جو یہ دعویٰ كرتے رہتے ہیں كہ ايران كے خلاف عالمی اتفاق پيدا ہوگيا ہے ۔حقيقت یہ ہے كہ ناوابستہ ممالك كی طرف سے ايران كی پرامن ایٹمی سرگرميوں كی حمايت ، ترقی پذير ممالك كی خواہشات اور مطالبات كی حمايت ہے ۔ایٹمی ٹيكنالوجی كے حامل ممالك خاص طور سے امريكہ نے حالیہ برسوں میں ايران كو ایٹمی فيول سائيكل كےحصول سے محروم كرتے ہوئے ترقی پذير ممالك كو اس ٹيكنالوجی سے محروم كرنے كی كوشش كی ہے ۔ان كا مقصد ایٹمی ايندھن پر اپنی اجارہ داری قائم كرنا ہے تاكہ اس كی منڈی پر بھی اپنا تسلط ركھیں اور ترقی پذير ممالك ایٹمی ايندھن كے لئے بڑی طاقتوں كے محتاج رہیں ۔بڑی طاقتیں ایٹمی ايندھن پر اپنی اجارہ داری قائم كركے ايران جيسے ممالك كی حقيقی خود كفالت اور آزادی كے حصول كی كوشش میں رخنہ ڈالنے كے درپے ہیں ۔بنابریں ناوابستہ تحريك ، اسلامی كانفرنس تنظيم ، خليج فارس تعاون كونسل اورعرب ليگ اور بہت سے ديگر ممالك پرامن ایٹمی ٹيكنالوجی سے استفادے كے ايران كے قانونی حق كی حمايت كركے اس بات كے لئے كوشاں ہیں ایٹمی ٹيكنالوجی پر اجارہ داری نہیں ہونی چاہئے لہذااميد ہے كہ يورپی ممالك بھی حقيقت پسندانہ طريقہ اپنا كر ايران كی پرامن ایٹمی سرگرميوں كی حمايت پر مبنی عالمی برادری كی اكثريت كے مطالبے پر توجہ دیں گے اورايران كے ساتھ مذاكرات پھر سے شروع كرنے كے سلسلے میں امريكہ كے جھوٹے پروپيگنڈے سے متاثر نہیں ہوں گے