پوپ كے بيان پر احتجاج ، قم سميت ايران اعلیٰ دينی مراكز اور مدارس بند
ايران میں مجلس خبرگان يا مجتہدين كی كونسل كے اراكين نے دين اسلام كے خلاف پاپ كے توہين آميز بيان كو مغربی ملكوں میں اسلام پسندی كی اٹھتی ہوئی لہر كوروكنے كی سازش قرارديا ۔جناب عبدالنبی نمازی نے ايك بيان میں كہا كہ یہ عالم اسلام كے خلاف ايك سازش ہے تاكہ سامراجی طاقتیں اپنے ناپاك عزائم كو عملی جامہ پہنا سكیں ۔انہوں نے كہا كہ اس وقت دشمنان اسلام كو اسلام كی بڑھتی ہوئی مقبوليت سے خوف لاحق ہے ۔اس لئے وہ پاپ كا استعمال كررہے ہیں ۔
پاپ بينیڈكٹ كے توہين آميز بيانات كے خلاف بطور احتجاج پورے ايران كے اعلی دينی مدارس و مراكز بند رہیں گے ۔حوزۂ علمیہ قم كے مركز مديريت نے اعلان كيا ہے كہ پورے ايران كے حوزہ ہائے علمیہ يا دينی مدارس آج بند رہیں گے اور ان دينی مدارس كے طلباء اور اساتذہ پاپ بينیڈكٹ كے اہانت آميز بيانات كے خلاف احتجاجی اجتماعات منعقد كریں گے ۔ايران كے مراجع تقليد آيت اللہ فاضل لنكرانی آيت اللہ مكارم شيرازی اور آيت اللہ نوری ہمدانی نے بھی پاپ كے بيان كی شديد مذمت كی ہے ۔(17 ستمبر 2006)