اسلامی جمہوریۂ ايران كے صدر ڈاكٹر محمود احمدی نژاد كو ونزوئيلا كا اعلیٰ ترين سركاری اعزاز ديا گيا ہے ۔ ونزوئيلا كے دارالحكومت كاراكاس كے فوجی اكیڈمی كے ہال میں منعقدہ ايك پر شكوہ تقريب میں ونزوئيلا كے صدر ہوگو چاويز نے اپنے ملك كے عوام كی طرف سے ليبر تادور نامی ونزوئيلا كا اعلیٰ ترين تمغہ ايك حريت پسند كے رہنما كی حيثيت سے صدر احمدی نژاد كو پيش كيا ۔ ہوگو چاويز نے اس تقريب میں اپنے خطاب كے دوران احمدی نژاد كو اپنا دوست و برادر قرارديا اور كہا احمدی نژاد ايك حريت پسند اور انقلابی رہنما ہیں جو ايران كی انقلابی قوم كے شانہ بشانہ سامراج كے مقابلے میں ڈٹے ہوئے ہیں ۔اسلامی جمہوریۂ ايران كے صدر نے بھی ونزوئيلا كا اعلی ترين اعزازی تمغہ حاصل كرنے كے بعد اسے ايران اور ونزوئيلا كےعوام كی شجاعت كی علامت قرارديا اور كہا كہ میں ونزوئيلا كے عوام پر فخر كرتا ہوں كہ وہ امريكی مداخلت كے سامنے سينہ سپر ہیں ۔